Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی ’ذمہ داری اور فرض‘: صدر عارف علوی

صدر عارف سے ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اس بات پر مکمل یقین رکھتے ہیں کہ سعودی عرب کی حفاظت ان کی ذمہ داری اور فرض ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جمعے کو اسلام آباد میں سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر شیخ عبداللہ الشیخ سے ملاقات کے دوران انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’جب بھی ضرورت پڑی پاکستان اس ذمہ داری کو نبھانے سے دریغ نہیں کرے گا۔
ملاقات میں صدر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاکستان کے لیے مخلصانہ موقف اور بھرپور حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر شیخ عبداللہ الشیخ نے وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا اور قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سمیت متعدد اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
صدر عارف علوی نے وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے کے تحت مملکت میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے ولی عہد کا وژن بہت روشن ہے۔ صدر نے نیوم شہر کے قیام اور دیگر بڑے منصوبوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کی سلامتی اور استحکام کے لیے مملکت کے کردار کو سراہا۔ صدر عارف علوی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سلامتی خطے اور پوری دنیا کے لیے اہم ہے۔
صدر عارف علوی نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے انعقاد کے لیے ولی عہد کی کوششوں کو سراہا۔

صدر عارف علوی نے سعودی شوریٰ کونسل اور پاکستان کے درمیان قانون سازی کی سطح پر دوطرفہ کام اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

افغانستان پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس سعودی عرب نے طلب کیا تھا جس کی میزبانی گذشتہ ہفتے پاکستان نے کی تھی۔
صدر عارف علوی نے اسلامی دنیا میں صورت حال کی بہتری کے لیے سعودی عرب کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
صدر عارف علوی نے سعودی شوریٰ کونسل اور پاکستان کے درمیان قانون سازی کی سطح پر دوطرفہ کام اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر شیخ عبداللہ الشیخ نے مملکت اور پاکستان کے درمیان ہر سطح پر تعلقات کی تعریف کی، اور زور دیتے ہوئے کہا کہ ان تعلقات کو دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے مکمل حمایت حاصل ہے۔

شیئر: