جدہ اور ریاض میں منشیات ضبط، دو شہری گرفتار
’جدہ میں گرفتار شدہ شہری کی گاڑی کے خفیہ خانوں میں 42.5 کلو چرس پکڑی گئی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی سیکیورٹی فورس نے جدہ اور دمام میں دو الگ کارروائیوں کے دوران منشیات پکڑی ہیں جبکہ دو شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ادارہ انسداد منشیات کے خفیہ اہلکارمنشیات فروشوں کی نگرانی کر رہے تھے۔
ادارہ انسداد منشیات نے کہا ہے کہ ’جدہ میں ایک شہری کو گرفتار کیا ہے جس کی گاڑی کے خفیہ خانوں میں 42.5 کلو چرس پکڑی گئی ہے‘۔
’مذکورہ شخص کی نگرانی کی جارہی تھی جبکہ اسے رنگے ہاتھوں پکڑنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدہ شخص سعودی شہری ہے اور وہ شہر میں چرس سپلائی کرتا تھا‘۔
دوسری طرف مشرقی ریجن پولیس نے کہاہے کہ ’دمام شہر میں منشیات فروشی میں ملوث ایک شہری گرفتار ہوا ہے‘۔
’مذکورہ شخص کے قبضے سے 57.5 کلو کرسٹل نامی نشہ آور مادہ پکڑا گیا ہے جسے وہ کہیں منتقل کرنے کا جارہا تھا‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتار شدہ شخص کو ادارہ انسداد منشیات کے حوالے کیا گیا ہے‘۔