Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بوسٹر شاٹس کے بجائے ویکسین کی سالانہ خوراک لگوانا زیادہ بہتر: فائزر

فائزر کمپنی اومی کرون کا مقابلہ کرنے والی ویکسین تیار کر رہی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ویکسین بنانے والی امریکی کمپنی فائزر کے سربراہ نے کہا ہے کہ کثرت سے بوسٹر شاٹس لگوانے کے بجائے ویکسین کی سالانہ خوراک لگوانا زیادہ بہتر ہے۔ 
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دواساز کمپنی فائزر کے سربراہ ایلبرٹ برلا نے ایک انٹرویو میں ایسی ویکسین کی تیاری سے متعلق امید کا اظہار کیا ہے جو سال میں ایک مرتبہ لگوانی پڑے گی۔
ان سے جب سوال کیا گیا کہ کیا بوسٹر شاٹس ہر چار یا پانچ ماہ بعد باقاعدگی سے لگوانا پڑیں گے تو ایلبرٹ برلا نے کہا کہ یہ تو کوئی زیادہ اچھی صورتحال نہیں ہوگی لیکن ’مجھے امید ہے کہ ہمارے پاس ایسی ویکسین موجود ہوگی جو آپ کو سال میں ایک مرتبہ لگوانا پڑے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ سال میں ایک مرتبہ ویکسین لگوانے پر لوگوں کو آمادہ کرنا زیادہ آسان ہے۔
خیال رہے کہ فائزر کی ویکسین شدید بیماری اور ہلاکتوں کے خلاف مؤثر ثابت ہوئی ہے لیکن اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے میں زیادہ کارآمد نہیں رہی۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اکثر ممالک ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگوانے پر زور دے رہے ہیں اور یا پھر ایک سے دوسرے شاٹ کے درمیان ضروری چند ماہ کے عرصہ کو مزید کم کر دیا ہے۔
فائزر کے سربراہ ایلبرٹ برلا نے کہا کہ ایسی ویکسین تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو اومی کرون ویریئنٹ سمیت دیگر اقسام کے خلاف بھی مؤثر ہو۔
انہوں نے کہا کہ اومی کرون ویریئنٹ کا مقابلہ کرنے کی غرض سے تیار کردہ ویکسین کی منظوری کی درخواست دینے کے لیے فائزر ممکنہ طور پر تیار ہے اور مارچ تک بڑی تعداد میں ویکسین پیدا کر سکتا ہے۔
بیماریوں پر قابو پانے والے امریکی ادارے سی ڈی سی نے جمعے کو کہا تھا کہ ایم آر این اے ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ویکسین کی تیسری خوراک اومی کرون کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور 90 فیصد کیسز میں ہسپتال میں داخل ہونے سے بچاتی ہے۔
پیر کو اسرائیلی شیبہ میڈیکل سنٹر کی جانب سے شائع ہونے والی ابتدائی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ تیسری خوراک کے مقابلے میں چوتھی خوراک سے اینٹی باڈیز کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوتا ہے لیکن اومی کرون کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ بھی کافی نہیں ہے۔
تاہم جن افراد کو  کورونا سے زیادہ خطرہ ہے ان کے لیے میڈیکل سنٹر نے دوسرا بوسٹر شاٹ لگوانے کا مشورہ دیا ہے۔

شیئر: