Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سستے میں گھر بیٹھے اپنا کورونا ٹیسٹ خود کریں 

مارکیٹ میں کورونا ٹیسٹ کٹ 600 سے 800 روپے میں دستیاب ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اگر آپ میں کورونا کی علامات پائی جاتی ہیں اور آپ کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے کسی لیبارٹری میں نہیں جانا چاہتے اور پتہ لگانا چاہتے ہیں کہ آپ کورونا کا شکار ہیں یا نہیں تو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اب آپ گھر بیٹھے کم پیسوں میں اپنا کورونا ٹیسٹ خود کر سکیں گے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ٹیسٹ کٹس کے گھروں میں خود سے استعمال کے لیے مارکیٹ میں فروخت کی اجازت دے دی ہے۔  
اس سے قبل مارکیٹ میں سیلف کورونا ٹیسٹ کٹس موجود تو تھیں لیکن حکومت کی جانب سے ان کی فروخت کی اجازت نہیں تھی۔
ان کٹس کی غیر قانونی فروخت کے خلاف ڈرگ انسپکٹرز کارروائیاں بھی کرتے تھے۔ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب کورونا ٹیسٹ مزید سستا اور آسان ہوگیا ہے۔  
ہیلتھ کیئر ڈیوائسز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر محمد نعیم چودھری نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ ’مارکیٹ میں اس وقت سیلف کورونا ٹیسٹ کٹس وافر مقدار میں موجود ہیں۔ حکومت نے ان کی فروخت کی اجازت بھی دے دی ہے۔ ایک کٹ کی قیمت 600 سے 800 روپے کے درمیان ہے۔‘  
انھوں نے کہا کہ ’ابھی تک مارکیٹ میں موجود کٹس درآمد شدہ ہیں اور ان کے استعمال سے کورونا کے پھیلاؤ میں کمی کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کی مد میں خرچ ہونے والے پیسے کی بھی بچت آئے گی جس کا فائدہ بالآخر عوام کو ہی ہوگا۔‘  
دوسری جانب این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک نوٹی فیکیشن کے مطابق میڈیکل ڈیوائس بورڈ کے منگل کو ہونے والے اجلاس میں سیلف کورونا ٹیسٹ کٹس کی عوامی فروخت کا معاملہ زیر غور لایا گیا جو این سی او سی کی جانب سے بورڈ کو بھیجا گیا تھا۔ 

کٹس کے ذریعے گھر بیٹھے اپنا کورونا ٹیسٹ خود کیا جاسکتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

میڈیکل ڈیوائس بورڈ کا کہنا ہے کہ ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کسی بھی فرد میں کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہ چلانے کا اب تک سب سے سادہ اور تیز ترین ذریعہ ہے، تاہم اس حوالے سے تمام ڈیوائسز خود سے کورونا ٹیسٹ کے لیے نہیں ہیں کیونکہ کچھ ٹیسٹ تربیت یافتہ سٹاف کے ذریعے خاص طریقے سے نمونہ جات لینے کے بعد ہی کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ڈیوائسز ایسی ہیں جن کے بارے مین ان کے مینوفیکچررز کا دعویٰ ہے کہ ان کے ذریعے لوگ خود اپنا کورونا ٹیسٹ گھر پر کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے نمونہ جات ناک کے ذریعے یا تھوک کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔  
میڈیکل ڈیوائس بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ جب آپ کورونا کا گھر پر رہ کر ٹیسٹ کرتے ہیں تو اس سے کورونا کے پھیلاؤ میں کمی میں مدد مل سکتی ہے۔ اس لیے کورونا سیلف ٹیسٹ کٹس کی مارکیٹ میں فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز پر فروخت کی اجازت دی جاتی ہے۔  
این سی او سی نے میڈیکل ڈیوائس بورڈ کے فیصلے کے تحت نوٹی فیکیشن جاری کرتے ہوئے فریقین کو آگاہ کر دیا ہے۔  
خیال رہے کہ کورونا ٹیسٹ کی قیمت پاکستان میں اس وقت 5500 سے 6200 روپے کے درمیان ہے۔ اگرچہ بعض لیبارٹریز گھر آکر کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونہ حاصل کرنے کی سہولت تو فراہم کر رہی تھیں لیکن اس کے لیے اضافی پیسے وصول کیے جاتے تھے۔  

شیئر: