Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیلپ ڈیسک تعطیلات میں کام کررہا ہے ، ارشد منیر

غیر قانونی تارکین کی وطن واپسی کےلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں ، 5 دنوں میں آوٹ پاس کےلئے 2ہزار درخواستیں موصول ہوئیں ، قونصل پریس
جدہ ( ارسلان ہاشمی) پاکستان قونصلیٹ کے قونصل پریس ارشد منیر کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو دی جانے والی مہلت سے زیادہ سے زیادہ افراد کو مستفیض کرنے کےلئے قونصلیٹ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ غیر قانونی تارکین کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کےلئے ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بھی ہیلپ ڈیسک کام کر رہے ہیں ۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قونصل پریس نے مزید کہا کہ قونصل جنرل شہریار اکبر خان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وطن جانے والے ہم وطنوں کی رہنمائی اور انہیں درکار سفری دستاویزات کی فراہمی کےلئے قونصلیٹ میں قائم کئے گئے ڈیسک صبح 7 سے رات ساڑھے8 بجے تک کام کرتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو امدادمہیا کی جاسکے ۔ ارشد منیر نے مزید کہا کہ مہلت کا آغاز 29 مارچ کو ہواجس کے فوری بعد قونصلیٹ میں امدادی شعبہ قائم کردیا گیا ۔ مہلت کے آغاز سے اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو مختلف خدمات فراہم کی گئی ۔ جدہ میں 2 ہزار سے زائد افراد نے آوٹ پاس کے حصول کےلئے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ ایک سوال پر قونصل پریس نے کہا کہ آﺅٹ پاس ان افراد کو جاری کئے جاتے ہیں جنکے پاس سفری دستاویز نہیں ہو تی۔ ہماری کوشش ہے کہ آﺅٹ پاس کی تیاری کےلئے مقررہ وقت کو کم کرکے ایک سے 2 دن کر دیاجائے ۔ گزشتہ 5 دنوں میں 800 افراد کے پاسپورٹ کی میعاد میں توسیع کی گئی ۔ مدینہ منورہ جانے والی قونصلر ٹیم نے 2 دنوں میں 500 سے زائد افراد کو مختلف خدمات فراہم کی جن میں سے 120 افراد نے آﺅٹ پاس کے حصول کےلئے درخواست جمع کروائی۔ ایمنسٹی کے حوالے سے قونصلیٹ میں قائم امدادی ڈیسک پر لوگوں کو وطن جانے کے بارے میں درست معلومات مہیا کی جارہی ہیں تاکہ لوگوں کا وقت ضائع نہ ہو اور وہ بروقت مہلت سے مستفیض ہو سکیں ۔ پریس قونصل نے مزید کہا کہ سعودی اعلیٰ قیادت نے غیر قانونی تارکین کےلئے 90 روزہ مہلت کا اعلان کیا ہے اس دوران ایسے افراد جو عمرہ ، وزٹ ، حج یا ٹرانزٹ ویزے پر مملکت آکر غیر قانونی طور پر مقیم ہو گئے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اس مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وطن چلے جائیں تاکہ کسی قسم کی مشکل میں مبتلا نہ ہوں ۔ ایسے افراد جن کے پاس سفری دستاویز نہیں وہ سفارتخانے ، قونصلیٹ یا دیگر شہروں میں جانے والی قونصلر خدمات ٹیموں سے رجو ع کر کے اپنی درخواست جمع کر وائیں تاکہ انکی درست رہنمائی کرتے ہوئے انکی سفری دستاویز تیار کی جاسکے جبکہ وہ غیر قانونی مقیم جو عمرہ ، وزٹ ، حج یا ٹرانزٹ ویزے پر آکر غیرقانونی طور پر مقیم ہیں اور انکے پاس کارآمد پاسپورٹ ہے انہیں چاہئے کہ وہ کسی بھی ائیر لائن کا ٹکٹ خریدیں اور سیٹ کنفرم کر کے وطن روانہ ہو جائیں ۔

شیئر: