Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میئر الیکشن: پی ٹی آئی رہنما عمر امین گنڈا پور کی نا اہلی کا فیصلہ معطل

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہل قرار دیا تھا۔ (فوٹو: فائل)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا حکم ایک روز بعد معطل کر دیا۔
منگل کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے قرار دیا کہ ’درخواست گزار وکیل کے مطابق کوئی رپورٹ مانیٹرنگ ٹیم کی طرف سے الیکشن کمیشن کو نہیں بھیجی گئی۔‘
اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد عمر امین اب ڈیرہ اسماعیل خان سے سٹی میئر کی نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ’علی امین گنڈا پور کی حد تک الیکشن کمیشن کا آرڈر آن فیلڈ رہے گا۔‘
یاد رہے کہ سوموار کو الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہل قرار دیا تھا۔
منگل کو سماعت کے دوران عمر امین گنڈا پور کے وکیل بیرسٹر علی ظفر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈا پور کو نااہل کیا ہے اور یہ آرڈر پروسیجر کے بغیر جاری کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’سمری انکوائری کے بعد پچاس ہزار روپے جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ جرمانہ کے بعد بھی دوسری دفعہ اگر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو تو پھر ایکشن ہو سکتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نا انکوائری ہوئی نا رپورٹ کمیشن کو دی گئی اور نا عمر امین کو نوٹس دیا گیا۔‘
علی ظفر کا کہنا تھا کہ عمر امین کے بھائی وفاقی وزیر ہیں ان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔
’اگر عمر امین نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہوتی تو اس کو پہلے نوٹس دینا چاہیے تھا۔ عمر امین امیدوار ہے اس کو نااہل کر دیا گیا۔‘
عدالت کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کا آرڈر بھی پڑھا گیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو جمعے کے روز کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت نے آرڈر کی کاپی فوری فراہم کرنے کی ہدایت کر دی اور مزید سماعت جمعے تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کا انتخاب 13 فروری کو ہونا ہے۔

شیئر: