Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس یوکرین پر بیجنگ اولمپکس کے دوران حملہ کرسکتا ہے: امریکہ

امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے امریکی شہریوں کو فوری طور پر یوکرین چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین کی سرحد پر مزید فوجی بھیج دیے ہیں اور وہ کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے جو بیجنگ میں جاری موسم سرما کے اولمپکس کے دوران بھی ہو سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کو روسی کی پیش قدمی سے مسلسل تکلیف دہ مناظر نظر آ رہے ہیں، جن میں یوکرین کے بارڈر پر مزید فوجیوں کی منتقلی بھی شامل ہے۔
اینٹنی بلنکن کے مطابق ’جیسا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں، ہم کو روس کا حملہ واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے، جو کسی بھی وقت ہو سکتا ہے اور یہ چین میں ہونے والے موسم سرما کے اولمپکس کے دوران بھی ہو سکتا ہے۔‘
امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کے مطابق محکمہ خارجہ نے یوکرین میں موجودہ امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔
دوسری جانب روس نے مغربی ممالک کے خدشات سے انکار کیا ہے کہ وہ سوویت یونین کے سابقہ حصے پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
بیجنگ کی میزبانی میں ہونے والے اولمپکس 20 فروری تک جاری رہیں گے۔
گزشتہ ہفتے موسم سرما کے اولپمکس کے افتتاح کے موقع پر چین اور روس نے مل کر اعلان کیا تھا کہ ان کی ’دوستی کی کوئی حدود نہیں‘ جبکہ یوکرین اور تائیوان کے معاملے پر ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور مغرب کے خلاف متحدہ ہونے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا۔

چین اور روس نے مل کر اعلان کیا تھا کہ ان کی ’دوستی کی کوئی حدود نہیں۔‘ (فوٹو: روئٹرز)

خیال رہے آٹھ فروری کو امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے یوکرین پر حملہ کیا تو نورڈ سٹریم گیس پائپ کا منصوبہ ختم کر دیا جائے گا۔
پانچ فروری کو روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ملکوں کے مابین تعاون کے غیر معمولی معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور دوستی و شراکت داری کو حدود سے ماورا قرار دیا گیا۔
بیجنگ میں دونوں ملکوں کی جانب سے جاری کیے گئے طویل مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کی کوئی حدود نہیں، اسی طرح تعاون کے لیے کوئی ممنوع شعبہ بھی نہیں۔‘
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کا جمعے کے روز کہنا تھا کہ ’روس نے یوکرین کی سرحد پر مزید فوجی بھیج دیے ہیں اور وہ کسی بھی وقت حملہ کرسکتا ہے جو بیجنگ میں جاری موسم سرما کے اولمپکس کے دوران بھی ہوسکتا ہے۔‘

 

شیئر: