Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور خود کش دھماکے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع

لاہور..حساس اداروں نے بیدیاں روڈ پر مانوالہ چوک میں خود کش دھماکے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے ویگن کے ڈرائیور کے بعد پیٹرول پمپ سے مشکوک شخص اور اسپیئرپارٹس کی دکان کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔ عثمان نے مردم شماری کے عملے کو لے جانے کے بعد اسپیئر پارٹس کی دکان کے مالک یعقوب کو فون کر کے لیکج کے بارے میں آگاہ کیا تھا جس پر حساس اداروں نے اسے حراست میں لے لیا ۔مزید بتایا گیاکہ ویگن محفوظ پورہ میں ایک پیٹرول پمپ سے فیول لینے کےلئے بھی رکی ۔ یہاں پر موٹر سائیکل سوارکھڑا تھا اور ممکنہ طو رپر اس نے یہاں سے نکلنے کے بعد ویگن کی ریکی کی ہو ۔ حساس اداروں نے پیٹرول پمپ سے بھی مشکوک شخص کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی۔ دریں اثناء خودکش حملہ آور کے بارے میں سیکیورٹی اداروں کو پہلے سے اطلاعات تھیں۔ لاہور کے تمام تھانوں میں حملہ آور کی موجودگی کا اشتہار آویزاں کیا گیا تھا۔دھماکے کے بعد حملہ آور کا خاکہ تیار کرنے کیلئے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلئے گئے ۔عینی شاہدین نے جائے وقوعہ سے ملنے والے سر کی جاری کئے گئے اشتہار کی تصویر سے مشابہت کی تصدیق کردی ۔ حملہ آور کی موجودگی کا اشتہار تمام تھانوں میں پہلے سے ہی آویزاں کردیا گیا تھا جس میں تحریر تھا کہ عرفان نامی دہشتگرد کی عمر 24 سے 25 سال ہے وہ کالی گاڑی میں لاہور شہر میں داخل ہوچکا ہے ۔ جس کسی کو اس کی موجودگی کا پتہ چلے فوری طور پر متعلقہ نمبرز پر اطلاع کرے۔

 

شیئر: