یوکرین کی جنگ میں ہمارے 498 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں: روس کا اعتراف
روسی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ’یوکرین کی جنگ میں 1597 فوجی زخمی ہوئے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس نے کہا ہے کہ یوکرین کی جنگ میں اب تک اس کے 498 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گذشتہ ہفتے صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے یوکرین کی جنگ شروع کرنے کے بعد روس کی جانب سے پہلی مرتبہ اپنے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد بتائی گئی ہے۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان کوناشینکوف نے بدھ کو سرکاری ٹی وی پر ایک بیان میں بتایا کہ ’یوکرین کی جنگ میں وطن کے لیے لڑتے ہوئے 498 فوجیوں نے جان دے دی ہے جبکہ 1597 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔‘
روسی وزارت دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’جنگ میں یوکرین کے 2870 سے زائد فوجی اور ’قوم پرست‘ ہلاک جبکہ تقریباً 3700 زخمی ہوئے ہیں۔‘
روس کی وزارت دفاع کی جانب سے پیش کیے گئے ان اعدادوشمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی یوکرین کی جانب سے اس پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے آیا ہے۔