Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ: بابر اعظم کی سینچری، فتح کے لیے مزید 314 رنز درکار

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے۔
پاکستانی ٹیم 506 رنز  کے ہدف کا تعاقب کر رہی ہے۔ پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کرنے کے لیے مزید 314 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔ 
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کی خاص بات بابر اعظم کی سینچری رہی، ان کا ساتھ دینے والے بیٹر عبداللہ شفیق نے بھی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی نصف سینچری مکمل کر چکے ہیں۔ چوتھے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو بابر اعظم 102 اور عبداللہ شفیق 71 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ 
ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور ابتدا میں اوپنر امام الحق ایک جبکہ اظہر علی چھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 
منگل کو آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 97 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی اور پاکستان کو 506 رنز کا ایک بڑا ہدف دیا تھا۔ 
 آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنس لبوشین نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور دن کے شروع میں ہی شاہین آفریدی نے مارنوس لبوشین کو 44 رنز پر بولڈ کر دیا۔
پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم کے 148 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 556 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔
 

شیئر: