Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں غیر اخلاقی پروگرام نشر کرنے پر پابندی لگائیں: وزیر مذہبی امور

’وزیراعظم رمضان نشریات کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات، پیمرا اور تمام ٹی وی چینلز کو مناسب ہدایات جاری کروائیں‘ (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پاکستن کے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ٹی وی چینلز پر رمضان نشریات کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم کو متعدد تجاویز بھیج دیں۔
وزیر مذہبی امور کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق معاشرے میں مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کا فروغ رمضان نشریات کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
’رمضان نشریات میں متنازع مسائل اور مسلکی بحث سے ہر ممکن اجتناب کیا جائے۔ تمام مقدس شخصیات اور مسالک کے ماننے والوں کا احترام ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔‘
وزیر مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ ’رمضان نشریات کے میزبان ضروری دینی و مذہبی علم سے واقفیت رکھتے ہوں۔ ان کا اور مہمانوں کا لباس ماہ رمضان کے تقدس کے مطابق ہونا چاہیے۔‘
’سحر اور افطار کے اوقات میں گیم شو اور دیگر غیر سنجیدہ پروگراموں کو نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے۔‘
پیر نور الحق قادری نے تجویز دی کہ ’ماہ رمضان میں بطور خاص غیر اخلاقی، غیر مناسب اشتہارات و پروگرام نشر کرنے پر پابندی لگائی جائے۔‘
’وزیراعظم رمضان نشریات کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات، پیمرا اور تمام ٹی وی چینلز کو مناسب ہدایات جاری کروائیں۔‘

شیئر: