Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یہ تمہارے باپ کا نہیں عمران خان کا ووٹ ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزرا کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نظریے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘ (فائل فوٹو: قومی اسمبلی ٹوئٹر)
وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ ’عمران خان نظریے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ تحریک انصاف آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے آخری وقت تک مقابلہ کرے گی۔‘
جمعرات کو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے منحرف اور ناراض ارکان کے منظرعام پر آنے کے بعد وفاقی وزرا اسد عمر، فواد چوہدری اور حماد اظہر نے نیوز کانفرنس میں حکومت کا ردعمل دیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان کسی کو بلیک میل کرتے ہیں نہ کسی سے بلیک میل ہوتے ہیں۔‘
’پیسے کی سیاست عمران خان نے پہلے کبھی کی ہے نہ آئندہ کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ارکان کو خریدنے کے لیے نوٹوں کے بیگ استعمال ہورہے ہیں، سندھ حکومت کے اقدامات غیر آئینی ہیں۔‘
’ایسا لگتا ہے کہ کوئی بیرونی حملہ ہوگیا ہو، اگر صوبائی حکومتوں نے ایسا کام شروع کردیا تو معاملہ خانہ جنگی کی طرف چلا جائے گا۔‘
ایک سوال پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’ہم اپوزیشن ارکان سے رابطے میں ہیں، لیکن کسی کو نہ پیسے دیں گے نہ کسی کو خریدیں گے۔‘
 ایک خاتون ایم این اے کو 7 کروڑ روپے دیے گئے ہیں: فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’لوٹے خود ہی سامنے آگئے ہیں، ہم حکومت بچانے کے لیے کسی قسم کی بلیک بیلنگ اور سودے بازی کو مسترد کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان بے شرم لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں، مجھے نہیں پتا کہ یہ دباؤ میں تھے سندھ ہاؤس میں پریشر میں رکھا گیا ہے لیکن جو بندہ کہہ رہا ہے میں ضمیر کی آواز پر ووٹ دے رہا ہوں۔‘
’اس بے شرم سے کہنا چاہتا ہوں کہ ضمیر یہ کہتا ہے کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لیا ہے، استعفیٰ دو ، شکایت ہے تو واپس جاکر الیکشن لڑو اور پھر یہاں آجاؤ۔‘
’یہ تمہارے باپ کا ووٹ ہے جس کو لے کر یہاں بیٹھے ہو، عمران خان کا ووٹ ہے، جو یہاں آئے ہیں وہ عمران خان کے نام پر کامیابی حاصل  کر کے یہاں آئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’شیخ رشید نے اتحادی اور وزیر داخلہ کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان کو سندھ میں گورنر راج لگانے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ یہ سندھ حکومت کا اقدام بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزرا اسد عمر اور حماد اظہر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’حکومت یقیناً شیخ رشید کی تجویز پر غور کرے گی۔‘

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’حکومت سندھ میں گورنر راج لگانے کی شیخ رشید کی تجویز پر غور کرے گی‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)

سندھ میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں، لیکن جہازوں میں بھر کر پیسے اسلام آباد لائے گئے ہیں، وہاں ارکان کو رکھنے اور ان کی نگرانی کے لیے سندھ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
’سندھ ہاؤس میں ایسے خریدوفروخت ہورہی ہے جیسے گھوڑوں اور خچروں کی، آج کا چھانگا مانگا سندھ ہاؤس ہے، ایک خاتون ایم این اے کو 7 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ جس طرح کی منڈی سندھ ہاؤس میں لگائی گئی ہے اور جس طرح ارکان کے ضمیر خریدنے کی کوششیں کی جاری ہیں، یہ بہت بد قسمتی ہے، یہ عمل غیر آئینی و غیر قانونی ہے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتاہا کہ ’ہم سودے بازی نہیں کریں گے اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔‘

شیئر: