Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالب علم کی انگلی کٹنے پر سکول انتظامیہ کے خلاف شکایت پر تحقیقات

طالبعلم کے والد نے سکول انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام لگایا ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے جازان ریجن میں ایک شہری نے مبینہ لاپروائی کے باعث اپنے بیٹے کی انگلیاں ناکارہ ہونے پر سکول انتظامیہ کے خلاف  ادارہ تعلیم سے شکایت کی ہے۔
 ریجنل ادارہ تعلیم کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے احکامات دیے گئے ہیں۔ رپورٹ آنے پرغیرجانبدارانہ کارروائی کی جائے گی۔ 
 العربیہ نیٹ کے مطابق جازان ریجن کے ایک سیکنڈری سکول کے طالب علم اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ اس کے ہاتھ پر چوٹ لگ گئی۔  
واقعے کی اطلاع سکول انتظامیہ کو ملی تو متاثرہ طالب علم کو قریبی ڈسپنسری لے جایا گیا جہاں معلوم ہوا کہ فوری طبی امدادی ملنے میں تاخیر ہونے پراس کی ایک انگلی ضائع ہوگئی ہے۔ 
متاثرہ طالب علم کے والد نے ادارہ تعلیم کو دی جانے والی اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ’سکول انتظامیہ بروقت میرے بیٹے کی کٹی ہوئی انگلی کو طبی مواد کے ذریعے محفوظ کرنے کے بعد فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیتی تو بروقت انگلی جوڑی جاسکتی تھی۔‘ 
شکایت میں کہا گیا کہ ’بیٹے کو سکول کا چوکیدار کافی دیر بعد ہسپتال لے کر گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کٹی ہوئی انگلی کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ اس کے خلیے مردہ ہوچکے ہیں، اس لیے دوبارہ نہیں جوڑے جا سکتے۔‘ 
ادارہ تعلیم نے اس حوالے سے تصدیق کی کہ متاثرہ طالب علم کے والد کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد واقعے کی تحقیقات کے احکامات صادر کر دیے گئے ہیں۔ رپورٹ آنے کے بعد قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر: