Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر الجوف نے القریات ریلوے سٹیشن کا افتتاح کردیا

القریات ریلوے سٹیشن کے بارے میں تعارفی فلم دکھائی گئی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں گورنر الجوف شہزادہ فیصل بن نواف بنعبدالعزیز نے بدھ کو القریات کمشنری میں ریلوے سٹیشن کا افتتاح کیا ہے۔
تقریب میں سعودی وزیر نقل و حمل اور سعودی ریلوے (سار) کے سربراہ صالح الجاسر اور سار کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر بشار المالک بھی موجود تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گورنرالجوف نے ریلوے سٹیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ’اعلی قیادت مملکت میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کو جدید تر بنارہی ہے۔ سعودی وژن 2030 کی ترقیاتی سکیموں کا حصہ ہے‘۔

القریات سے مملکت کے دیگر علاقوں کا سفر آسان ہوگا( فوٹو ایس پی اے)

انہوں نے کہاکہ ’القریات ریلوے سٹیشن مسافروں کو لاجسٹک خدمات فراہم کرے گا۔ اس سے نقل و حمل اور صنعتوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی‘۔القریات سے الجوف کی دیگر کمشنریوں اور مملکت کے دیگر علاقوں کا سفر آسان ہو گا۔  
سعوی وزیر صالح الجاسر نے کہا کہ’ القریات سٹیشن قومی ٹرانسپورٹ سسٹم کی تقویت کا باعث بنے گا۔ مملکت کے ریجنل ٹرانسپورٹ نظام میں اس کا اہم حصہ ہو گا’۔  
سعودی ریلوے (سار) کے ایگزیکٹیو چیئرمین نے کہا کہ ’ریاض اورالقریات کے درمیان 12 سو کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ ریل کے ذریعے طے کیا جا سکے گا‘۔ 

سعودی قیادت مملکت میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کو جدید تر بنارہی ہے( فوٹو ایس پی اے)

اس موقع پرالقریات ریلوے سٹیشن کے بارے میں تعارفی فلم دکھائی گئی جس میں مسافروں کے کیبن اور گاڑیاں ٹرین کے ذریعے لانے اور لے جانے کی سہولتوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ یہ مملکت اور مشرق وسطیٰ کی اپنی نوعیت کی پہلی کارگو سروس ہو گی۔
گورنر الجوف نے سعودی ریلوے سار کے مقامی ملازمین کو اعزاز دیے۔
اس موقع پر سیکریٹری گورنریٹ حسین آل سلطان اور کمشنرالقریات عبداللہ الجاسر بھی موجود تھے۔

شیئر: