Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں دینی مسائل کی دریافت  کےلیے متحرک روبوٹس

انتظامیہ کی جانب سے 5 زبانوں کے دینی ماہرین کی خدمات فراہم کی گئی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
مسجد الحرام کے شعبہ  منصوبہ بندی برائے معیار کے نائب سربراہ عبدالحمید المالکی نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے 5 زبانوں میں براہ راست عمرہ اور دیگر دینی مسائل معلوم کرنے کے لیے متحرک ڈیجیٹل سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔
المدینہ اخبار کے مطابق مسجد الحرام کے شعبہ منصوبہ بندی کے نائب سربراہ نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا کہ عمرہ زائرین کے علاوہ مسجد الحرام میں آنے والا کوئی بھی فرد اس سہولت سے مستفیض ہوسکتا ہے۔
متحرک روبوٹ کی صورت میں ڈیجیٹل سروسز کا رابطہ ماہردینی علوم سے رہتا ہے جو عمرہ یا کسی اور شرعی مسئلے کے بارے میں دریافت کیے جانے والے مسائل کا فقہی حل سے آگاہ کرتے ہیں۔
واضح رہے مسائل کی دریافت کے لیے حرم مکی الشریف میں مختلف کاونٹرز موجود ہیں تاہم وہاں تک لوگوں کو پہنچنا ہوتا تھا جو ازدحام کی وجہ سے کافی دشوار ہوتا ہے ۔
 اس حوالے سے عمرہ زائرین اور دیگرلوگوں کو مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے امورحرمین شریفین کی انتظامیہ نے خصوصی طورپرماہردینی علوم سے براہ راست رابطے کے لیے متحرک روبوٹ تیار کرائے ہیں۔
 یہ روبوٹ مسجد الحرام کے مختلف مقامات پرگشت کرتے رہتے ہیں اگر کسی بھی شخص کو عمرہ یا دیگرفقہی مسئلے کے بارے میں معلوم کرنا ہوتو وہ زبان کا انتخاب کرکے براہ راست عالم دین سے وڈیو کالنگ کے ذریعے رابطہ کرسکتا ہے۔
خیال رہے مسجد الحرام کے دروازوں اور دیگر مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کےلیے مختلف مقامات پرنصب ٹچ اسکرینز سے بھی مستفیض ہوسکتے ہیں جو اردو سمیت 11 زبانوں میں معلومات فراہم کرنے کے لیے نصب کی گئی ہیں۔

شیئر: