Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان مدینہ سے روانہ

گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے پرالوداع کہا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دورہ مکمل کر کے مدینہ منورہ سے روانہ ہو گئے۔ گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے امیرمحمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرالوداع کہا۔  
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد کے ہمراہ وفد میں شامل وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، شہزادہ سعود بن سلمان، وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ مشیر ایوان شاہی شیخ ڈاکٹر سعد الشثری اور وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی بھی شامل تھے۔

شہزادہ محمد بن سلمان ایک روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچے تھے۔(فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ایک روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچے تھے۔
اس موقع پر گورنر مدینہ منورہ کے ساتھ ان کا وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں شہزادہ محمد بن سلمان نے شہزادہ فیصل بن سلمان کو اپنے بڑے بھائی کی حیثیت سے خاندانی پروٹوکول دیتے ہوئے پہلے ان کے کاندھے پر بوسا دیا اور انہوں نے ہاتھ چومنے کی کوشش کی تھی تاہم شہزادہ فیصل بن سلمان نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔
سرکاری پروٹوکول کے اعتبار سے شہزادہ محمد بن سلمان ولی عہد ہونے کے باعث اعلیٰ منصب پر ہیں جبکہ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل ان سے عمر میں بڑے ہونے کے باعث آل سعود کی خاندانی روایت کے بموجب زیادہ اعزاز کے مستحق ہوتے ہیں۔ آل سعود کی روایت ہے کہ خاندان کا چھوٹا اپنے بڑے سے ملتے وقت اس کا ہاتھ چومتا ہے۔  
سوشل میڈیا پر صارفین نے روایت کے اس احترام پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ 

شیئر: