Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مویشیوں کو  وبائی مرض سے بچانے کے لیے اہم ویکسین

ویکسین کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا ہے کہ علاج 100 فیصد محفوظ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت نے مویشیوں کو وبائی مرض سے بچانے کے لیے  ویکسین تیار کرنے کا اعلان  کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  وزارت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف لیبارٹریز کے ڈائریکٹر محمد الفہید نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ویکسین 2023 کی دوسری ششماہی میں تیار ہو کر مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔
مویشیوں پر اس ویکسین کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا ہے کہ علاج 100 فیصد محفوظ ہے اور 80 فیصد سے زائد افادیت سامنے آئی ہے۔
لیبارٹریز کے ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ یہ ویکسین ہم پہلے ہی تیار کر چکے ہیں اور اب  ہم اس  ویکسین کے بارے میں  حفاظتی اقدامات  اور افادیت پر تجربات کرنے کے عمل میں ہیں۔
محمد الفہید نے بتایا ہے کہ مویشیوں کی دیگر بیماریوں میں بیکٹیریا اور وائرس پر مبنی ویکسین پر بھی وزارت  کام کر رہی ہے۔
اس ویکسین میں جانوروں میں عام ہونے والی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
مشترکہ سائنسی ٹیم کے کام کی منصوبہ بندی کی وجہ سے مویشیوں کی بیماریوں کے خلاف یہ  ویکسین ریکارڈ وقت میں تیار کی گئی ہے۔
اس سے قبل مملکت کے کئی علاقوں میں بھیڑوں، بکریوں اور اونٹوں میں مختلف قسم کے انفیکشن کی شرح کا تعین کرنے کے لیے فیلڈ سروے اور طبی ٹیسٹ  کئے گئے تھے۔

ویکسین 2023 کے دوسری ششماہی میں مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔ فوٹو ٹوئٹر

الفہید نے کہا کہ مویشیوں میں  بیماری کے واقعات  اور وجوہات کا تعین کرنے اور وبائی امراض کا مطالعہ کرنے کے لیے  مختلف نمونے اور ریکارڈ شدہ معلومات کا استعمال کیا گیا۔
ایکشن پلان میں مختلف جانور پالنے اور دیکھ بھال کرنے والوں کی رہنمائی بھی کی جا رہی ہے انہیں بتایا گیا ہے کہ جانوروں میں کسی بھی قسم کی بیماری کو کیسے روکا جائے اور اس پر کیسے قابو پایا جائے۔
وزارت  کے انڈر سیکریٹری احمد العیادہ نے بتایا ہے کہ یہ تحقیق  زیادہ مدافعتی ردعمل کے ساتھ مقامی بیماریوں کی روک تھام کے لیے  ویکسین تیار کرنے کی  کوششوں کا حصہ ہے۔
اس کا مقصد مقامی افراد کے لئے ویٹرنری ویکسین کی ترقی اور پیداوار کے مرکز کے اقدام کے تحت ویٹرنری ویکسین کی صنعت کو مقامی بنانا ہے۔
العیادہ نے کہا کہ وزارت نے بھیڑوں پر نئی 'کثیر اجزاء' ویکسین آزمائی اور دیکھا گیا ہے کہ یہ 100 فیصد افادیت اور بہترین تحفظ کی شرح پیش کرتی ہے۔

جانور پالنے اور دیکھ بھال کرنے والوں کی رہنمائی بھی جا ری ہے۔ فوٹو عرب نیوز

وزارت موحولیات و زراعت  نے الوطنیہ ایگریکلچر کمپنی کے ساتھ ویٹرنری ویکسین، بھیڑوں اور بکریوں کی جینیاتی بہتری، جینیاتی قدر کا حساب لگانے کے لیے ڈیٹا کا تجزیہ اور جین ٹائپنگ کے لیے فیلڈ تجربات میں تعاون کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
اس مفاہمتی یادداشت  میں بیرون ملک لیبارٹریوں کے ساتھ مختلف  نتائج اور ڈیٹا کے تجزیے پر مشاورت  شامل ہے۔ اس تقریب میں وزارت کی جانب سے محمد الفہید اور عبداللہ سلیمان السدیس، الوطنیہ ایگریکلچر کمپنی کے سی ای او نے دستخط کیے۔
عبداللہ السدیس نے کہا کہ یہ معاہدہ مویشیوں کے شعبے میں بہت سے مثبت نتائج لائے گا اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ کرے گا۔
عبداللہ السدیس نے مزید کہا ہے کہ اس معاہدے سے مملکت میں جانوروں کی پیداوار کے شعبے کے لیے بہت سے فوائد حاصل ہوں گے۔
 

شیئر: