Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے ترقی کے قابل فخر مراحل طے کئے ہیں ، محمد حسن وزیر

ریاض ( جاوید اقبال ) سفارتخانہ پاکستان کے ناظم الامور محمد حسن وزیر نے کہا ہے کہ دور اندیش مسلمان راہنمائوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کا تحفہ دے کر انتہائی قابل ستائش تاریخی کارنامہ انجام دیا تھا ۔ وہ گزشتہ جمعے کی سہ پہر بزم ریاض کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے سفارتخانے میں منعقد ہونے والی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سفارتخانے کے ہیڈ آف چانسری سردار محمد خٹک ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی شیخ عبدالشکور ، تھرڈ سیکریٹری شاہد اقبال اور پاسپورٹ سیکشن کے افسروں شاہد گجر اور ابوبکر صدیق کے علاوہ عمائدین شہر اور خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ محمد حسن وزیر نے سکھ راہنما کے ایک بیان کا حوالہ دیا کہ اگر پاکستان کی تشکیل نہ ہوتی تو ہند کے 20کروڑ مسلمانوں کا بھی اتنا ہی برا حال ہوتا جتنا آج وہاں اڑھائی کروڑ سکھوں اور ساڑھے 3کروڑ عیسائیوں کا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں مسلمان اپنے عقائد اور ثقافتی اقدار کے مطابق زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد کی 7دہائیوں میں پاکستان نے ترقی کے قابل فخر مراحل طے کئے ہیں ۔ مملکت میں مقیم اپنے ہم وطنوں کا حوالہ دیتے ہوئے محمد حسن وزیر نے کہا کہ اس برادر ملک کی ہر عمارت اس کی ہر شاہراہ اس کی ہر کیاری کی تعمیر پاکستانی کارکنوں کے ہاتھوں ہوئی ہے ۔ قبل ازیں تقریب کے مرکزی مقرر تصدق گیلانی نے اپنے خطاب میں تشکیل پاکستان کے مختلف مراحل پر بات کی اور اتحاد کی اہمیت کو واضح کیا ۔ تصدق گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ ہر پاکستانی اپنے فرائض کی ادائیگی میں خلوص اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرے تو وطن عزیز میں ترقی کے مراحل تیزی سے طے ہوں گے ۔ طارق عزیز نے قیام پاکستان کے مختلف مراحل پر خوبصورت ویڈیو پروگرام پیش کیا جبکہ تقریب کے ناظم تنویر میاں نے ملی نغمہ پیش کر کے داد حاصل کی ۔ ڈاکٹر سعید احمد وینس نے سیف الملوک سنا کر سماں باندھ دیا ۔ قاری نعمت اللہ کی تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا جبکہ عابد شمعون نے نعت رسول مقبول پیش کی ۔

 

 

 

شیئر: