Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ قومی شناختی کارڈ میں سعودی خواتین کی تصویر حجاب کے ساتھ ضروری‘

تصویر تبدیل کرانے کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ منسلک کرنا ہوگی(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں ’احوال مدنیہ‘  (قومی شناختی کارڈ، برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے والا ادارہ) کے ترجمان محمد الجاسر نے کہا ہے کہ ’قومی شناختی کارڈ میں سعودی خواتین کی تصویر حجاب کے ساتھ ضروری ہے‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ شناختی کارڈ میں تصویر تبدیل کرانے کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ منسلک کرنا ہوگی‘۔ 
السعودیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محمدالجاسر نے کہا کہ’ سعودی مردوں کے لیے قومی شناختی کارڈ کی تصویر قومی لباس میں ہونا ضروری ہے۔ تصویر بنواتے ہوئے وقت شماغ اور غترہ زیب تن کیا جائے‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’قومی شناختی کارڈ کے نئے ایڈیشن میں سعودیوں کے نام عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں تحریر کیے جارہے ہیں۔ اگر قومی شناختی کارڈ میں مذکور نام پاسپورٹ میں درج نام سے مختلف ہو تو اس کے لیے متعلقہ شخص کو درخواست دینا ہوگی‘۔ 
محمد الجاسر نے کہا کہ ’اگر شکل و صورت میں تبدیلی کی وجہ سے کوئی سعودی شہری قومی شناختی کارڈ میں اپنی تصویر تبدیل کرانا چاہتا ہو تو اسے تصویر میں تبدیلی کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ منسلک کرنا ہوگی‘۔
بعض اوقات مٹاپے کےعلاج یا پلاسٹک سرجری کی وجہ سے چہرے کے نقوش مختلف نظر آنے لگتے ہیں۔ ایسی صورت میں لوگ قومی شناختی کارڈ میں پہلے سے موجود تصویر تبدیل کرانے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ تصویر تبدیل کرانا چاہتے ہیں انہیں قریب ترین احوال مدنیہ کے دفتر جانا ہوگا۔ اب احوال مدنیہ کے دفاترکے عہدیداروں کو تصویرتبدیل کرنے کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ تصویرمیں تبدیلی کا کام آن لائن نہیں ہوسکتا۔ اس کے لیے دفتر جانا ضروری ہوگا‘۔ 

شیئر: