Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیز ہوائیں اور بارش، پاکستان کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی

صوبہ بلوچستان کے کئی علاقے خشک سالی کا شکار ہیں جس سے انسانوں اور مویشیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے دو دن میں اسلام آباد، کشمیر اور پنجاب کے کچھ علاقوں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں کا درجہ حرارت کم رہے گا۔
جمعے کو محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظہیر احمد بابر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ملک کے بالائی علاقوں کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا اتوار سے بارشوں کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں بارشوں کے ممکنہ اثرات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ’ ان علاقوں میں جب بھی تیز بارش ہوتی ہے تو لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ رہتا ہے۔‘
قبل ازیں 19 مئی کو محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو کر منگل (24 مئی) تک جاری رہے گا جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش ہو گی۔
محکمہ موسمیات نے اپنی پریس ریلیز میں کہا تھا کہ مغربی ہواؤں کی وجہ سے اسلام آباد، راولپنڈی، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
’تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں انفراسٹرکچر کو نقصان کا خطرہ ہے۔‘
خیال رہے کہ جمعرات کی شام کو تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقوں میں کئی دن سے جاری گرمی کی لہر میں کمی آئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کئی علاقے خشک سالی کا شکار ہیں جس سے انسانوں اور مویشیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
گزشتہ دنوں صوبہ سندھ میں بھی گرمی کی شدید لہر ریکارڈ کی گئی۔
سندھ کے شہر جیکب آباد میں گزشتہ ہفتے درجہ حرارت 51 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔ جس کے بعد سکولوں میں بچوں کے متاثر ہونے کے واقعات پیش آئے۔
یاد رہے کہ ماحولیاتی این جی او جرمن واچ کے مرتب کردہ گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید خطرے سے دوچار آٹھواں ملک ہے۔

شیئر: