Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھانے میں ’اُجرتی قاتل‘ کے خلاف درخواست دے دی ہے: شیخ رشید

شیخ رشید نے اپنے ویڈیو بیان میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ (فوٹو: اے پی پی)
عوامی مسلم لیگ پاکستان کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انہوں نے مارگلہ تھانے میں ایک اجرتی قاتل کے خلاف درخواست دے دی ہے، جس نے 22 افراد کو قتل کیا ہے اور اب انہیں قتل کرنا چاہتا ہے۔
اتوار کو شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ ’نوید نامی جس شخص نے 22 افراد کے قاتل کے حوالے سے جو بیان دیا ہے، اس کو بلا کر تفتیش کا حصہ بنائیں گے۔‘
شیخ رشید نے پنجاب اسمبلی کی صورت حال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح پولیس کے ذریعے گیٹ بند کیے گئے یہ پہلی قسط ہے، دوسری قسط آنے والی ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ایف آئی اے میں اپنا پراسیکیوٹر لگا کر شہباز شریف اور حمزہ شہباز فرد جرم عائد نہیں ہونے دیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔
شیخ رشید نے ایک بار پھر پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا کہ چند دن انتظار کر لیں، 31 مئی تک اہم فیصلے آئیں گے۔
شیخ رشید کے مطابق ’یہ لوگ اپنے جال میں پھنس گئے ہیں، آصف زرداری نے ن لیگ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر لکشمی چوک میں سیاسی طور پر مارا ہے۔‘
انہوں نے دعوٰی کیا کہ پیر کو حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں جو کچھ ہو گا، وہ انہیں معلوم ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیشنل کرائسز سیل کی آئی سی سی میٹنگ میں حکومت مہنگائی اور پیٹرول کی قیمت کا ملبہ فوج پر ڈالنا چاہتی ہے، مگر فوج کسی ایسے فیصلے کا حصہ نہیں بنے گی جس سے عوام کی پریشانی بڑھے۔

شیئر: