Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی کابینہ سے بجٹ منظور، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ

وزیر خزانہ نے کہا ’سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے اور ریٹائرڈ لوگوں کی پنشن بھی بڑھانا ہوگی۔‘ (فائل ٖفوٹو: روئٹرز)
وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال 2023-2022 کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اونگزیب نے جمعے کو وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دس فیصد اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔
بین الاقومی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کے بعد کی صورت حال میں پاکستان کی اتحادی حکومت آج (جمعے کو) آئندہ مالی سال 2022-23 بجٹ کا پیش کرے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو ڈاکٹر مفتاح اسماعیل قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ اور فنانس بل پیش کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق ’نئے مالی سال کے لیے سرکاری شعبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کا حجم 800 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ 100 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت خرچ ہوں گے۔‘
’اعلی تعلیم کا شعبہ بھی پی ایس ڈی پی کا ترجیحی حصہ ہے۔ اس کے تحت نوجوانوں کے لیے فنڈز اور وظائف میں اضافہ کیا جائے گا۔‘
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جمعرات کو رواں مالی سال کی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’چین سے دو ارب 40 کروڑ ڈالر مل رہے ہیں۔ ’سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں گے اور ریٹائرڈ لوگوں کی پنشن بھی بڑھانا ہوگی۔‘
انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں ایسی اصلاحات لا رہے ہیں جو آئی ایم ایف کو بھی پسند ہوں گی۔ ’درآمدات رواں سال 76 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔‘
’ملک کا تجارتی خسارہ 45 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا ہے۔ جب تھوڑی سی گروتھ ہوتی ہے تو ہم کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں پھنس جاتے ہیں۔‘

پاکستان میں مہنگائی کی حالیہ لہر کی وجہ سے عام میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزیر خزانہ نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ اگر سابق حکومت کورونا وبا کے دوران سودے کر لیتی تو شاید مہنگائی نہ آتی۔ سی پیک کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کیا گیا۔ اب ہمیں بجلی کے پلانٹش کے لیے ایندھن خریدنا پڑ رہا ہے۔‘
مفتاح اسماعیل نے اپنے خطاب میں رواں برس روس سے 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ’روس سے حکومتی سطح پر بات ہو گئی ہے۔‘
اقتصادی جائزہ رپورٹ کی تقریب اجرا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ’ملکی معیشت نے 70 برس میں ایسا بحران نہیں دیکھا۔ معیشت کو ری سٹرکچر کرنا تکلیف دہ ہو گا لیکن اس سے معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکتی ہے۔‘

شیئر: