Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی خاتون کا سندھ میں جگر کا آپریشن، ’یہ ہسپتال پاکستان کے لیے باعث فخر ہے‘

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میرس کی تحصیل کے شہر گمبٹ میں قائم پیر سید عبد القادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہسپتال  میں امریکی خاتون کے جگر کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔
گمبٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ترجمان کے مطابق امریکی خاتون جولی نیمن نے سندھ کے گمبٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں علاج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروائی تھی۔
رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد امریکی خاتون پاکستان آئیں اور سندھ کے علاقے گمبٹ ممیں گمبٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں ان کے جگر کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔
امریکی خاتون جولی نیمن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’اگر وہ یہ علاج امریکہ میں کراتیں تو مہینوں لگ جاتے، یہاں انہیں ہسپتال میں علاج کی بہترین اور سستی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔‘
جولی نیمن نے گمبٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں علاج کی سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہسپتال میں اعلٰی درجے کے انتظامات ہیں اور یہ دنیا بھر کے ان تمام ہسپتالوں سے بہتر ہے جہاں میں جاچکی ہوں، یہ ہسپتال پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے۔‘
انہوں نے جگر کی پیوندکاری کے علاج کے لیے رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں بتایا کہ ’یہاں میری سرجری فوری شیڈول ہوگئی جبکہ میرے ملک میں یہ سرجری کروانا وقت طلب مرحلہ ہوتا ہے۔‘

امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ ’یہاں علاج معالجہ اور ٹیسٹ بہت سستے ہیں اور یہ بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم ہے‘ (فوٹو: سکرین گریب)

’میں نے یہاں جگر کے علاج کے لیے آئی ہوئیں چھوٹی بچیوں کو بھی دیکھا ہے جبکہ امریکہ میں بچوں کو برسوں درد کش ادویات پر رکھا جاتا ہے۔‘
امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ ’یہاں گمبٹ میں علاج معالجہ اور ٹیسٹ بہت سستے ہیں اور یہ بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم ہے۔‘
یاد رہے کہ ضلع میرپور میرس کے چھوٹے سے شہر گمبٹ میں 2016 میں سندھ کا جگر کی پیوندکاری کا پہلا مرکز قائم کیا گیا تھا۔
گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس ہسپتال میں اب تک سینکڑوں افراد کا مفت علاج کیا جاچکا ہے۔‘

شیئر: