Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کے لیے امن و سلامتی کے تمام انتظامات مکمل ہیں: حج سکیورٹی فورس

لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا ہے کہ اعلیٰ قیادت کی ہدایت کے مطابق حج کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا ہے کہ حج سکیورٹی فورس عازمین حج کی امن و سلامتی کے تمام انتظامات مکمل کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اعلیٰ قیادت کی ہدایت کے مطابق حج کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں اور پوری طرح سے مستعد ہیں۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق  حج سکیورٹی فورسز کے کمانڈروں نے پیر کو مکہ میں پریس کانفرنس کی ہے۔ اس میں امن عامہ کے ڈائریکٹر البسامی، سپیشل ایمرجنسی فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد العمری، سول ڈیفنس فورس کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر حمود الفرج، حج پاسپورٹ فورس کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع، شہری ہوابازی کے کمانڈر میجر جنرل عبدالعزیز الدریجان شریک ہوئے۔

ٹریفک نظام کے تحفظ کے لیے تمام سکیمیں تیار کرچکے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ حج سیزن میں تمام انتظامی اور سکیورٹی فرائض احسن طریقے سے انجام دے گی۔ 
امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا کہ ’اعلی قیادت نے عازمین حج کی خدمت کے درکار جملہ ضروریات کی فراہمی میں مدد دی ہے۔ وزیر داخلہ نے جو اعلیٰ حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، حج  کے دوران ریاستی نظام کے تحفظ اور حج پر امن عامہ کے فرائض کی ادائیگی کے لیے سکیموں کی منظوری دی ہے۔‘

288 سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

محمدالبسامی نے کہا کہ ’سکیورٹی فورسز کے  تمام ادارے حج سیزن میں ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔ حج کے دوران جرائم کو وقوع پذیر ہونے سے روکنے، جیب تراشی کے انسداد، امن و سلامتی میں خلل کے سدباب، ٹریفک نظام کے تحفظ کے لیے تمام سکیمیں تیار کرچکے ہیں۔‘
’مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) اور حج مقامات پر جانے والی شاہراہوں پر امن و امان کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ گاڑیوں کو رواں دواں رکھنے، پیدل چلنے والوں کی سلامتی، شاہراہوں، چوراہوں اور پبلک ٹرانسپورٹ بسوں سے متعلق تمام امور کی تفصیلات طے کرلی گئی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جمرات کی رمی، طواف افاضہ کے لیے مسجد الحرام آنے جانے اور الوداعی طواف کے لیے حجاج کو گروپوں کی شکل میں بھیجنے کی پابندی کرائی جائے گی۔‘

2062 غیرقانونی تارکین کو گرفتار کیا گیا جو حج کی تیاری کر رہے تھے۔ (فوٹو ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ ’مملکت بھر میں 63 فرضی معلمین کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 288 سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کو حراست میں لیا گیا، ان پر فی کس 10 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ’ بغیر حج پرمٹ والے افراد کو حج مقامات پر لے جانے والے آٹھ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ 2062 ان غیرقانونی تارکین کو گرفتار کیا گیا ہے جو غیر قانونی طریقے سے حج پر جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ ایک لاکھ ایسے تارکین کو مکہ مکرمہ میں داخلے سے روک دیا گیا جن کے پاس مقدس شہر میں جانے کے اجازت نامے نہیں تھے۔ 70 ہزار ایسی گاڑیوں کو واپس کر دیا گیا جن کے پاس مکہ جانے کے پرمٹ نہیں تھے۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: