’عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے‘ دانیہ شاہ کی درخواست منظور
منگل 19 جولائی 2022 10:48
زین علی -اردو نیوز، کراچی
منگل کو دانیہ شاہ کی والدہ سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئیں (فائل فوٹو)
معروف ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین کی تیسری بیوی دانیہ شاہ نے ان کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ کرانے کی استدعا کردی جو کہ منظور کر لی گئی ہے۔
عدالت کی جانب سے فریقین کو تیاری کرکے آنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کے لیے 28 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
منگل کو دانیہ شاہ کی والدہ سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئیں اور بتایا ’میں عامر لیاقت حسین کی ساس ہوں، میری بیٹی دانیہ شاہ عامر لیاقت کی اہلیہ تھیں جو یہ حق رکھتی ہیں کہ شوہر کی موت کی وجہ جان سکیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عامر لیاقت حسین بڑی شخصیت تھے، ان کی موت کی وجہ کا پتہ چلنا چاہیے۔‘
درخواست گزار کے وکیل ضیا اعوان نے عدالت کو بتایا کہ معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ عامر لیاقت حسین کے جسم پر کسی قسم کے کوئی زخم نہیں تھے جبکہ بیٹا اور بیٹی پوسٹ مارٹم نہیں کروانا چاہتے تھے۔‘
انہوں نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بھی پوسٹ مارٹم نہیں کرایا گیا تھا۔
جس پر عدالت کا کہنا تھا ان کا پوسٹ مارٹم نہ کرائے جانے آج تک سب افسوس کر رہے ہیں۔
عدالت کی جانب سے پوچھا گیا ‘بیٹی بیٹا کیوں اعتراض کر رہے ہیں، اس کے بغیر کیسے پتہ چلے گا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا۔‘
عدالت کے مطابق ’قانون میں کسی کی مرضی نہیں قانون چلتا ہے۔‘
ضیا اعوان نے عدالت کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات دی گئی ہیں کہ عامر لیاقت کے جسم پر کوئی نشان تھا۔
جس پر عدالت نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ پوسٹ مارٹم نہ کرانے پر کیوں اصرار کر رہے ہیں۔
’کون سا قانون ہے، کس فقہ میں منع کیا گیا ہے، ہمارے سامنے قانونی اور اسلامی نکات رکھیں۔‘
عدالت نے مزید ریمارکس دیے ’ہم جلدی نہیں کریں گے، سب کو سنیں گے۔ُ
بعدازں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تیاری کر کے آنے کی ہدایت کی اور سماعت کے لیے 28 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔