Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

25 برس بعد کا انڈیا کیسا ہوگا؟ یوم آزادی پر نریندر مودی کا پلان

مودی کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی پانچ نکات پر عمل کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ انڈیا کے لیے اگلے 25 سال انتہائی اہم ہیں، اس میں سب کو خود سے پانچ وعدے کرنے اور انہیں پورا کرنے کی ضرورت ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے نرنیدر مودی نے بتایا کہ کیسے 2047 تک ملک کو اسے بنانے والوں کی خوابوں کے مطابق ڈھالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ایک ایک کر کے پانچ وعدے گنوائے اور زور دیا کہ سب ان پر عمل کریں اور یہ عزم بھی دوہرایا کہ وہ خود بھی ان پر عمل کریں گے۔
انہوں نے پہلے عہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کو ہر صورت اگلے 25 سال میں ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہونا چاہیے۔
’میں نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ وہ اپنی زندگی کے اگلے 25 سال ملک کے لیے وقف کر دیں، ہم مل کر ساری انسانیت کے لیے کام کریں گے۔‘
دوسرے نکتے کے بارے بتایا کہ ہمیں دوسروں کی طرح بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
’کبھی کھبی زبان کی وجہ سے ہمارے ٹیلنٹ کی راہ میں رکاوٹ پڑتی ہے، ہم کو ملک کی ہر زبان پر فخر کرنا چاہیے۔ ہمیں دنیا سے کسی توثیق کی ضرورت نہیں، ہم کو اپنی شناخت ایک اہم قوم کے طور پر بنانے کی ضرورت ہے۔‘
تیسرے نکتے کے تذکرے پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ورثے پر فخر کرنا چاہیے۔
’جب ہم اپنی جڑوں کے ساتھ جڑے رہتے ہیں تبھی ہم اونچی اڑان بھر سکتے ہیں اور پوری دنیا کے کام آ سکتے ہیں۔‘

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ اگلے سال انڈیا کی ترقی کے لیے بہت اہم ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

نریندر مودی کے بقول ’ہمیں اپنی قوم کی بہتری کے لیے متحد ہونا چاہیے، برابری انڈیا کی ترقی کا سنگ بنیاد ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب’سب سے پہلے انڈیا‘ کے نعرے پر متحد ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر خواتین کی برابری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کا احترام ترقی یافتہ انڈیا کے لیے ایک اہم ستون ہے، ہمیں ’ناری شکتی‘ (خواتین کی خودمختاری) کو مزید بڑھانا چاہیے۔
اسی طرح پانچواں وعدہ شہریوں کے فرائض سے متعلق ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بجلی اور پانی کی بچت کرنی چاہیے۔
’اگر ہم اس کی پابندی کریں گے تو آنے والے دنوں میں اپنی خواہش کے اہداف تک پہنچ سکیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ ذمہ داری ہر شہری پر عائد ہوتی ہے بشمول وزرائے اعظم اور وزیراعظم کے۔
’ہر وہ قوم جس میں نظم و ضبط ہو، ترقی کرتی ہے، اگر سب اپنی ذمہ داریوں کو پہنچانیں تو انڈیا بہت تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔‘

شیئر: