Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمان کی حالت خطرناک ہے، بہن کا دعویٰ

ممبئی .... دنیا کی وزنی ترین خاتون کا وزن اب مزید 173کلو گرام کم ہوگیا۔خیال ہے کہ وہ آئندہ15دن میں اپنے وطن مصر واپس چلی جائیں گی۔ وہ دنیا کی وزنی ترین خاتون ہیں اور علاج کیلئے 3ماہ قبل ہند آئی تھیں۔ انکی بہن شائما سلیم کی اپنی بہن کے ڈاکٹروں سے لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے۔ شائما نے کہا کہ میری بہن کی حالت خطرناک ہے۔اسکا جسم نیلا پڑ گیا ۔ اسے فالج کا حملہ ہوا ہے۔ ممبئی آنے کے بعد اس پر تشنج کا حملہ ہوا ہے۔ ڈاکٹروں اور سیفی اسپتال کے منتظمین نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بار بار یہ بات کہی ہے کہ ایمان کی حالت مرحلہ وار بہتر ہوگی اور یہ مرحلہ جاری ہے۔ ڈاکٹروں کی پوری ٹیم دن رات انتھک کوشش کررہی ہے اور اس کی پیشرفت حوصلہ افزا ہے۔ آئندہ دنوں میں انکا سی ٹی اسکین کیا جائیگا جس سے شائما کے سارے سوالات کے جواب مل جائیں گے۔ ہم چاہتے تھے کہ انکا وزن 200کلو گرام کم ہوجائے تاکہ سی ٹی اسکینرز انکا وزن سہار سکیں۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ دماغ کا اسکین ہونے کے بعد انہیں جو جھٹکے لگتے ہیں اس کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔ اگرچہ ڈاکٹروں کا کہناہے کہ 3سال قبل ان پر جو فالج کا حملہ ہوا تھا اسکی وجہ سے یہ جھٹکے آرہے ہیں جبکہ شائما نے کہا کہ خون کا نیا لوتھڑا جما ہوا ہے۔ شائما نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی 3ماہ میں 300کلو گرام وزن کم نہیں کرسکتا۔ یہ کوئی جادو نہیں۔ یہاںآنے سے پہلے اور بعد کے ثبوت کہاں ہیں؟ اس کے جواب میں سیفی اسپتال کے حکام نے شائما کا وہ پہلا خط دکھادیا جو انہوں نے 9ماہ قبل ڈاکٹر مفضل لاکھڑا والا کو لکھا تھا اور جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ایمان کا وزن 500کلو گرام ہے۔ ڈاکٹروں نے ممبئی آنے کے بعد ایمان کا بستر سمیت وزن بھی کیا تھا اور وہ اس وقت 498کلو گرام تھا۔ ایمان گیارہ فروری کو ممبئی آئی تھیں۔ جب وزیر خارجہ سشما سوراج نے انہیں ویزہ دینے کیلئے مداخلت کی تھی۔
 

شیئر: