Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے اڈانی گروپ کا این ڈی ٹی وی خریدنے کا اعلان

اڈانی گروپ نے ایک مقامی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کے بھی کچھ حصص خریدے تھے۔ (فوٹو: روئٹرز)
دنیا اور انڈیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک گوتم اڈانی کے اڈانی گروپ نے کہا ہے کہ ان کا میڈیا یونٹ ملک کے مقبول ترین میڈیا ہاؤسز میں سے ایک نیو دہلی ٹیلی ویژن (این ڈی ٹی وی) کے اکثریتی حصص خریدے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو اڈانی گروپ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا یونٹ بالواسطہ طور پر نئی دہلی ٹیلی ویژن لمیٹڈ میں 29.18 فیصد حصص خریدے گا اور مزید 26 فیصد حصص کے لیے پیشکش کا آغاز کرے گا جو چار ارب 93 کروڑ انڈین روپے ہو گی۔
اس سے قبل اڈانی گروپ کی جانب سے منگل کو ہی کہا گیا تھا کہ اس نے وشوا پردھان کمرشل پرائیویٹ لمیٹڈ (وی سی پی ایل) کو ایک ارب 14 کروڑ انڈین روپے میں خریدا ہے۔
وی سی پی ایل کے پاس این ڈی ٹی وی کے شیئرہولڈر آر آر پی آر کے وارنٹس تھے جنہیں اس نے منگل کو ہی حصص میں ہی تبدیل کروا لیا۔
این ڈی ٹی وی انڈیا کا ایک مشہور میڈیا ہاؤس ہے اور تین چینلوں کو چلاتا ہے، جن میں این ڈی ٹی وی 24 x7، این ڈی ٹی وی انڈیا اور این ڈی ٹی وی پرافٹ شامل ہیں۔

این ڈی ٹی وی انڈیا کا ایک مشہور میڈیا ہاؤس ہے اور تین چینلوں کو چلاتا ہے۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)

اس سے قبل اڈانی گروپ نے ایک مقامی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کے بھی کچھ حصص خریدے تھے۔
این ڈی ٹی وی کے حصص خریدنے کے حوالے سے اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو سنجے پگالیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ این ڈی ٹی وی کا حصول تمام پلیٹ فارمز پر نئے دور کے میڈیا کے لیے راہ ہموار کرے گا۔
واضح رہے کہ گوتم اڈانی کا مقابلہ ایشیا اور انڈیا کےامیر ترین شخص مکیش امبانی سے ہے جو ریلائنس گروپ کے مالک ہیں اور نیٹ ورک 18 میڈیا گروپ بھی ان کی ملکیت ہے۔

شیئر: