Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں انسداد گداگری مہم جاری، قصیم میں شہری اور غیر ملکی گرفتار

گداگری پر قید اور ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔ (فوٹو عاجل)
 سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گداگری کے سدباب کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے مختلف پبلک مقامات کی نگرانی کے بعد ایسے افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جارہی ہے جو لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرکے ان سے بھیک مانگتے ہیں۔
 القصیم پولیس نے نگرانی کے بعد ایک شہری کو گرفتار کیا ہے جو تجارتی مرکز کے باہر بھیک مانگ رہا تھا۔
قصیم پولیس نے بتایا کہ ایک اور کارروائی میں ایک یمنی کو بھیک مانگتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔
زیر حراست یمنی شہری سرحدی سیکیورٹی نظام کی خلاف ورزی کا مرتکب تھا۔
علاوہ ازیں ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نے الاخباریہ چینل سے گفتگو میں کہا ہے کہ گداگر، لوگوں کے جذبات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
الکریدیس نے مزید کہا کہ گداگری جرم ہے اور اس پر قید اور ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گداگری کے جرم کی درجہ بندی میں وہ تمام لوگ شامل ہیں جو سڑکوں، چوراہوں، پبلک مقامات، شاپنگ مال اور مساجد کے باہر بھیک مانگتے ہیں یا چوراہوں پر گاڑیوں کے شیشے صاف کرتے ہیں۔
سگنلز پرعجلت میں سامان فروخت کرنا بھی گداگری کی ایک شکل ہے۔ سادہ لوح لوگ ان کے جھانسے میں آجاتے ہیں۔ اس سے بچنا چاہئے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: