Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کی پاکستانی ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال کے ممکنہ پروگرام کی منظوری

امریکہ نے 2019 میں ایف 16 طیاروں کے لیے مالی امداد کی منظوری دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے پاکستان کو ایف 16 جنگی طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے سازو سامان کی فروخت کے لیے 45 کروڑ ڈالر کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس معاہدے کے لیے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کو کانٹریکٹ دیا جائے گا۔
جمعرات کو امریکی محکمہ خارجہ کے ادارہ برائے سیاسی و عسکری معاملات نے اپنی ٹویٹ میں معاہدے کی منظوری کی تصدیق کی ہے۔
اس معاہدے کے تحت امریکی حکومت اور کنٹریکٹر کمپنی پاکستان کے ایف 16 جنگی طیاروں کو انجینیئرنگ، تکنیکی اور لاجسٹکس سروسز فراہم کریں گے۔
امریکہ نے 2019 میں بھی ایف 16 طیاروں کے لیے ساڑھے 12 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دی تھی۔
امریکہ کی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی کے بیان کے مطابق پاکستان کی حکومت کی جانب سے ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال کے پروگرام میں معاونت کے لیے درخواست کی گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت ایف 16 طیارے سے متعلق انجن، آلات، مرمت، سافٹ ویئر اور دیگر معاملات پر بھی معاونت فراہم کرے گی۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس معاہدے میں کوئی نئے ہتھیار، جنگی ساز و سامان یا اضافی صلاحیتوں کی فروخت شامل نہیں ہے۔
بیان کے مطابق اس معاہدے سے امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی جبکہ پاکستان کے لیے بھی دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں اور مستقبل میں ہنگامی آپریشن کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا۔ 

شیئر: