Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سعودی ولی عہد کے دورے کا منتظر ہے: وزیر داخلہ

 پاکستان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ  پاکستان کا شدت سے منتظر ہے۔
بدھ کو اسلام آباد کے ایک شاپنگ مال میں سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے لوک داستانوں اور ثقافتی رقص کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ امکان ہے کہ یہ دورہ رواں سال نومبر میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو ملکوں کے نہیں دو بھائیوں جیسے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے جس پر ہم  شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے شکر گزار ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’ہم بڑی محبت، پیار سے اس دن کا انتظار کر رہے ہیں جس دن ولی عہد پاکستان تشریف لائیں گے۔‘
انہوں نے سعودی قوم، شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو قومی دن پر اپنی اور پاکستانی قوم اور وزیراعظم کی طرف سے دلی مبارک باد دی۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی دنیا بھر میں بہترین تعلقات کی ایک مثال ہے۔ ’سعودی عرب پاکستانیوں کے لیے مقام مقدس کا درجہ رکھتا ہے کیونکہ وہاں مقامات مقدسہ مکہ اور مدینہ موجود ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم سعودی عرب، سعودی قوم اور خادمین حرمین شریفین سے خاص محبت و عقیدت رکھتی ہے۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی دنیا بھر بہترین تعلقات کی ایک مثال ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)

انہوں نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کو پاکستان کا بہترین دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ  ان کی موجودگی میں دونوں ممالک کی دوستی بلندی کی نئی سطح کو چھو رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے حج کے موقع پر سعودی عرب کی بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کو پاکستان کے دوسرے شہروں تک پھیلانے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریبا 20 لاکھ پاکستانی اپنے خاندان اور ملک کے لیے سعودی عرب میں کام کرتے ہیں اور بڑی رقم ملک کو بھیجتے ہیں جس کا معیشت میں بہت حصہ ہے۔

پروگرام میں سعودی ثقافتی وفد نے روایتی رقص کا مظاہرہ کیا۔ (فوٹو: اردو نیوز)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات کی وجہ سے ہی وفاقی وزیرداخلہ اس تقریب میں شریک ہوئے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے استحکام سلامتی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سعودی ثقافتی وفد نے روایتی رقص کا مظاہرہ کیا جس میں رانا ثنا اللہ بھی شریک ہوئے۔

شیئر: