Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کے سینٹورس مال میں آتشزدگی، ’تحقیقات مکمل ہونے تک مال سیل‘

اسلام آباد کی کثیر منزلہ عمارت و شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ 
اتوار کی شام چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) عثمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’سینٹورس مال میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔‘ 
بیان کے مطابق ’سینٹورس مال پر لگی آگ کو دو گھنٹے کے آپریشن کے بعد کنٹرول کیا گیا، آگ پر قابو پانے میں فائر بریگیڈ، نیوی، ایئر فورس اور ریسکیو 1122 نے حصہ لیا۔‘
قبل ازیں اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ناصر اکبر خان سینیئر افسران سمیت موقع پر پہنچے تھے۔ 
آگ لگنے کے فوری بعد جناح ایونیو پر مال کے سامنے سے گزرنے والی ٹریفک کے لیے متبادل پلان جاری کیا گیا تھا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے کہا تھا کہ آگ لگنے کے بعد مال میں موجود شہریوں کو ایف ایٹ کی جانب سے ریسکیو کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سینٹورس مال میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیا۔ وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سینٹورس مال میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’بہت افسوس ہے کہ اس معروف کاروباری مرکز میں یہ واقعہ ہوا ہے۔ دعا ہے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو۔ متاثرین کے مالی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی ہے۔‘ 
پولیس نے کہا تھا کہ کسی بھی دکان کو نقصان نہیں پہنچا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر شاپنگ مال کی عمارت کو  ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے حکم سے سیل کر دیا جائے گا۔  پولیس کا ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہے گی۔ اور کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

شیئر: