Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نکلو کپتان کے لیے، نکلو پاکستان کے لیے‘ ، پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کا نیا گانا

پی ٹی آئی کی جانب سے ممکنہ لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے اب تک اپنی جماعت کے اسلام آباد کی طرف ممکنہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن ان کی پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لانگ مارچ کے لیے ایک گانا گا دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے حامی گلوکاروں جواد کاہلوں اور شاہ زمان کی جانب سے ریلیز کیے جانے والے گانے میں عمران اسماعیل کی آواز بھی شامل ہے۔
پیر کی صبح ریلیز کیے جانے والے گانے کے بول ہیں ’نکلو کپتان کے لیے، نکلو پاکستان کے لیے‘ اور اس گانے کا بظاہر مقصد سابق وزیراعظم عمران خان کی لانگ مارچ کی کال کے لیے لوگوں کو تیار کرنا نظر آتا ہے۔
گانے میں پی ٹی آئی مختلف جلسوں کی جھلکیاں اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کی حالیہ تقاریر کے مناظر بھی شامل ہیں۔
اس گانے کی ویڈیو کو پی ٹی آئی لیڈر شیریں مزاری نے بھی ایک ٹویٹ میں شیئر کرتے ہوئے متاثر کن قراد دیا۔
خیال رہے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اس سے قبل بھی شاہ زمان اور جواد کاہلوں کے ساتھ مل کر گانا ’روک سکو تو روک لو تبدیلی آئی رے‘ ریلیز کر چکے ہیں جو کہ پارٹی کے جلسوں میں اکثر سنایا جاتا ہے۔
گانے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
گانے میں ان مناظر کو شامل کرنے پر عبدالجبار ناصر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پارٹی کے ترانے میں دانستہ یا غیر دانستہ الفاظ و سین شامل کیے ہیں جو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان آنے والے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی تذلیل پر مبنی ہیں۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ ’بادی النظر یہ عمل پاکستان کو تنہا و ناکام بنانے کی سازش ہے۔‘
 

شیئر: