Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رانا ثنا اللہ کا اینٹی کرپشن پنجاب کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ

راولپنڈی کی عدالت نے رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اپنے سیاسی آقاؤں اور عمران خان کا آلہ کار کا بن کر ایک چار سالہ پرانے مقدمے کے ریکارڈ میں جعل سازی کی۔‘
’اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے حقائق جان بوجھ کر چھپا کر عدالت سے دھوکہ دہی اور گمراہ کر کے وارنٹ حاصل کیے۔ یہی وجہ ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب اسلام آباد پولیس کو وارنٹ کے ساتھ ریکارڈ فراہم نہیں کر رہی جو کہ ایک قانونی تقاضا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’یہ حرکت وفاقی حکومت پر مہم جوئی کی مذموم سازش ہے تاکہ عمران خان کے لیے کچھ ریلیف حاصل کیا جا سکے۔‘
’ریکارڈ میں جعل سازی کرنے اور عدالت کو گمراہ کرنے کے جرم میں ذمہ داران افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ مقدمے میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کے تمام ابتدائی ثبوت حال کر لیے گئے ہیں۔‘
وزارت داخلہ نے بیان میں مزید کہا ہے کہ دھوکہ دہی، جعلسازی اور ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرنے پر معزز عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی عدالت نے دھوکا دہی اور فراڈ کے مقدمے میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
سنیچر کو سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ غلام اکبر نے دھوکا دہی اور فراڈ کیس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جس کے بعد پنجاب پولیس رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرنے کے لیے اسلام آباد روانہ ہو گئی تھی۔ 

شیئر: