Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جامعات 2023 کی حالیہ عالمی رینکنگ میں سرفہرست

کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں101 ویں نمبر پر ہے(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی 21 جامعات نے 2023 کی حالیہ عالمی رنیکنگ کی فہرست میں جگہ بنانے کےلیے نمایاں سکورز حاصل کیے ہیں جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ کامیابی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2004 کے بعد سے ہر سال شائع کی جارہی ہے۔ کارکردگی جانچنے کے 13 اشاریے ہیں جو چار شعبوں میں کسی تعلیمی ادارے کو پرکھتے ہیں ان میں تعلیم، تحقیق، علم کی منتقلی اور بین الاقوامی توقعات شامل ہیں۔
مملکت کی چھ  یونیورسٹیاں 2023 کی حالیہ فہرست میں پہلی مرتبہ شامل ہوئی ہیں۔ سات نے اپنی رینکنگ بہتر بنائی جبکہ چھ نے اپنی سابقہ رینکنگ برقرار رکھی ہے۔
سعودی عرب کی  کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی اب دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں 101 ویں نمبر پر ہے جو پچھلے سال رینکنگ میں 190 پر تھی۔
کنگ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم، کنگ سعود یونیورسٹی الفیصل یونیورسٹی یونیورسٹی آف حائل، امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی،جازان یونیورسٹی، کنگ سعود بن عبدالعزیز یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز، المجمعہ یونیورسٹی، امیر سطام بن عبدالعزیز یونیورسٹی اور طائف یونیورسٹی بھی فہرست میں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کی الجوف یونیورسٹی نے بھی ٹائمز کی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2023 میں جگہ حاصل کی ہے۔
 ایس پی اے کے مطابق ٹائمز ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2023 میں الجوف یونیورسٹی کو 800-601 عالمی پوزیشن میں شامل کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد الشایع نے کہا ہے کہ’ یہ کامیابی اعلی قیادت کی جانب سے مملکت میں شعبہ تعلیم کی لامحدود سرپرستی کا نتیجہ ہے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’گورنرالجوف، وزیر تعلیم اور یونیورسٹی کے تمام اہلکار اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں‘۔
یونیورسٹی میں سائنس ریسرچ ڈین ڈاکٹر نبیل الرویلی نے کہا کہ ’گزشتہ دو برسوں کے دوران یونیورسٹی نے ریسرچ کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اس کی بدولت یونیورسٹی کو عالمی درجہ بندی میں نمایاں پوزیشن حاصل ہوئی ہے‘۔

شیئر: