Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک چالان دوسرے شہر کا، جہاں گئے ہی نہیں، اعتراض کیسے داخل کریں؟

ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید 5 سے 10 برس کے لیے کی جاتی ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی ادارہ ٹریفک پولیس کے سسٹم میں غیر ملکی کارکنوں کے اقامہ پر درج سیریل نمبر ہی ڈرائیونگ لائسنس کا نمبرہوتا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید 5 سے 10 برس کے لیے کی جاتی ہے جبکہ اقامہ کی تجدید سالانہ بنیاد پر ہوتی ہے۔
 ادارہ ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’ ڈرائیونگ لائسنس 5 برس کے لیے تجدید کرایا تھا۔ تین ماہ قبل فائنل ایگزٹ پرمملکت سے چلا گیا۔ اب دوبارہ دوسرے ویزے پرآیا ہوں، ڈرائیونگ لائسنس جس کا نمبر پرانے اقامے پر ہے اسے نئے اقامے پرتبدیل کیاجاسکتا ‘؟ 
سوال کے جواب میں ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ’ڈرائیونگ لائسنس کو نئے اقامے پرمنتقل کرانے کےلیے ٹریفک پولیس کے شعبہ ڈرائیونگ لائسنس سے رجوع کریں جہاں مطلوبہ معاملے کے حوالے سے درخواست دے کرنیا لائسنس حاصل کیاجاسکتا ہے‘۔ 
واضح رہے وہ تارکین جو ڈرائیونگ لائسنس سعودی عرب سے جاری کراتے ہیں اوروہ قانونی طور پرمملکت سے اقامہ ختم کرکے خروج نہائی پرچلے جاتے ہیں اگروہ ملازمت کے دوسرے ویزے پرمملکت آتے ہیں۔ ان کا پرانا ڈرائیونگ لائسنس کارآمد رہتا ہے تاہم اس کے لیے شرط ہے کہ پرانے لائسنس کو نئے اقامہ نمبرپرمنتقل کرایا جائے۔ 
پرانے لائسنس کو نئے اقامے پرمنتقل کرنے کے لیے ڈرائیونگ سکول میں داخلہ لینے کے ضرورت نہیں اورنہ کسی قسم کا ڈرائیونگ ٹیسٹ دینا ہوتاہے۔ 
 ٹریفک چالان کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’میں ریاض شہر میں ہوں، موصول ہونے والے ٹریفک چالان میں مکہ مکرمہ درج ہے جبکہ جس دن چالان ظاہرکیا گیا اس دن  میں مکہ مکرمہ گیا ہی نہیں، اس صورت میں کیا کروں‘؟ 
سوال کے جواب میں ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ’ ٹریفک خلاف ورزی پرہونے والے خودکارچالان پراعتراض کرنے کے لیے ابشراکاونٹ پرسہولت موجود ہے، ابشر پراعتراض داخل کریں جس پرمتعلقہ اہلکارکارروائی کریں گے، چالان غلط ثابت ہونے پراسے ختم کردیا جاتا ہے‘۔ 

غلط چالان کے بارے میں ثبوت پیش کرنے پر اسے ختم کردیا جاتا ہے( فوٹو عاجل)

واضح رہے سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزی پربیشترچالان خودکارسسٹم کے ذریعے کیے جاتے ہیں ۔ چالان کی اطلاع گاڑی کے مالک کے موبائل پرایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔ 
بعض اوقات موبائل پرموصول ہونے والے پیغام میں جگہ کا تعین غلط ہوجاتا ہے۔ اس حوالے سے چالان پراعتراض داخل کرانے سے قبل ضروری ہے کہ اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے چالان کے بارے میں درست معلومات حاصل کرلی جائیں۔ 
ابشر اکاونٹ پرٹریفک پولیس کی جانب سے چالان کا مقام، وقت اور تاریخ درست طورپراپ لوڈ کی جاتی ہے۔ اگرابشرکے پلیٹ فارم پربھی وقت ، تاریخ اورمقام غلط ہو اس صورت میں چالان پراعتراض داخل کیا جائے۔ 
ابشر پرداخل کیے گئے ڈیجیٹل اعتراض پرکارروائی نہ ہونے کی صورت میں اپنے علاقے کے ٹریفک پولیس کے دفتر سے رجوع کریں جہاں غلط چالان پراعتراض کرنے کا شعبہ موجود ہے۔ 
 شعبے میں موجود اہلکار سے رابطہ کرکے غلط چالان کے بارے میں ثبوت پیش کرنے سے اسے ختم کردیا جاتا ہے۔

شیئر: