Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا پاکستان اب بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے؟

اگر انڈیا اپنے آخری میچ میں زمبابوے کو ہرا دیتا ہے تو پاکستان ایونٹ سے باہر ہوجائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات انتہائی کم ہیں، لیکن پاکستان ایونٹ سے ابھی تک باہر نہیں ہوا ہے۔
بدھ کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں نیدرلینڈز نے زمبابوے کو ہرا دیا، جبکہ دوسرے میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی جس کے بعد زمبابوے کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔ گروپ ٹو سے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کے ساتھ انڈیا اب فیورٹ ہے۔
اس ساری صورت حال کو دیکھتے ہوئے ایک سوال یہ سامنے آرہا ہے کہ کیا پاکستان اب بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے؟
اس سوال کا جواب ہے جی ہاں، پاکستان ٹیم اب بھی ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرسکتی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے جمعرات کے روز سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرانا ہوگا اور اس کے ساتھ زمبابوے یا نیدرلینڈز کی جیت کی بھی امید کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ پاکستان کو یہ دعا بھی کرنی ہے کہ نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ کا میچ بارش کی نذر ہوجائے۔
پاکستان اگر جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنے بقیہ دونوں میچز جیت جاتا ہے اور زمبابوے کے خلاف انڈیا کو شکست ہوجاتی ہے تو پاکستان اور انڈیا کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔
اگر انڈیا اپنے آخری میچ میں زمبابوے کو ہرا دیتا ہے تو پاکستان ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔
اسی طرح پاکستان سے ہارنے کے بعد جنوبی افریقہ اگر نیدرلینڈز سے بھی ہار جاتا ہے تو پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ کا میچ اگر بارش کے باعث منسوخ ہو جاتا ہے اور پاکستان جنوبی افریقہ کے بعد بنگلہ دیش کو بھی ہرا دیتا ہے تو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔

گروپ ٹو میں پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اگر پاکستان جمعرات کے روز جنوبی افریقہ سے میچ ہار جاتا ہے تو پاکستان سیمی فائنل سے باہر ہوجائے گا۔
گروپ ٹو کے پوائنٹس ٹیبل کی اگر بات کی جائے تو انڈیا چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بنگلہ دیش چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، زمبابوے تین پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور نیدرلینڈز دو پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے ابھی دو میچز کھیلنے ہیں، قومی ٹیم 3 نومبر کو جنوبی افریقہ اور 6 نومبر کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلے گی۔

شیئر: