Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں جعلی کرنسی  تیار کرنے والا  گروہ پکڑا گیا

ملزمان کو پچیس برس تک قید اور5 لاکھ  ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے( فوٹو عکاظ)
سعودی حکام نے چار مقیم عرب شہریوں اور دو سعودیوں پر مشتمل جعلی کرنسی تیار کرنے والے ایک گروہ کو گرفتارکیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار نے اتوار کو بیان میں کہا کہ’ ادارے کے ماتحت اقتصادی جرائم پر کام کرنے والی ٹیم نے گروہ کے ساتھ پوچھ گچھ کی ہے‘۔
گروہ دو مقامی شہریوں اور چارعرب باشندوں پر مشتمل ہے۔ پوچھ گچھ کے بعد ملزمان کو متعلقہ عدالت کے حوالے کیا جائے گا۔ 
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات سے یہ بات ریکارڈ پر آئی ہے کہ ملزمان جعلی کرنسی تیار کرنے کےلیے خفیہ ٹھکانہ بنائے ہوئے تھے جہاں کرنسی نوٹ چھاپنے کے لیے خودکار آلات موجود تھے‘۔
عہدیدار نے بتایا کہ ’جعلی کرنسی کی تیاری میں ملوث افراد کو پچیس برس تک قید اور5 لاکھ  ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی‘۔
عہدیدار کا کہنا ہے کہ’ جعلی کرنسی  تیار کرنا بڑا جرم ہے۔ اس میں ملوث افراد کو حراست میں لیا جاتا ہے اور جرم ثابت ہوجانے پر سخت سزا دی جاتی ہے‘۔
عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’پبلک پراسیکیوشن ہر طرح کے جرائم سے معاشرے کو بچانے کے لیے اقدامات  کرتا رہے گا۔ خصوصا مالیاتی لین دین کو شفاف بنائے رکھنے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہیں گے‘۔
’کوئی شخص قومی معیشت اور مالیاتی نظام کو نقصان پہنچاتے وقت اس گمان میں نہ رہے کہ وہ سزا سے محفوظ رہ سکے گا‘۔ 

شیئر: