Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں فضائی مسافروں کی سب سے زیادہ شکایات کیا رہیں؟

فضائی کمپنیوں کے خلاف مسافروں نے 812 شکایات درج کرائیں (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے رواں سال اکتوبر کے دوران فضائی مسافروں کی شکایات کے حوالے سے ایئر پورٹس اور فضائی کمپنیوں کی  درجہ بندی کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے بیان میں کہا کہ اکتوبر 2022 کے دوران فضائی کمپنیوں کے خلاف مسافروں نے 812 شکایات درج کرائی ہیں۔

اردو نیوز کا فیس بک پیج لائک کریں

محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ سب سے کم شکایات سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کے خلاف ریکارڈ کی گئی ہیں، جن کا تناسب ایک لاکھ میں 12 ہے۔
فلائی ناس کے خلاف ایک لاکھ مسافروں میں سے 16 کی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ ادیل ایئر کے خلاف ایک لاکھ میں سے 26 افراد نے شکایات درج کرائی ہیں۔
محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں مسافروں نے زیادہ تر شکایات ٹکٹوں کی قیمت کی واپسی کے حوالے سے کی ہیں۔ 
سامان کی گمشدگی سے متعلق شکایات دوسرے جبکہ سامان تلف ہونے کی شکایات تعداد کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہی ہیں۔
اکتوبر میں سب سے کم شکایات امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے خلاف کی گئی ہیں جن کا ایک لاکھ مسافروں میں تناسب 0.1 فیصد رہا۔
ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے خلاف کی گئی شکایات کا تناسب ایک لاکھ میں سے تین مسافروں کا رہا۔

اردو نیوز کا یوٹیوب چینل سبسکرائب کریں

محکمہ شہری ہوابازی نے بیان میں مزید کہا کہ مسافروں کی شکایات 24 گھنٹے ریکارڈ کی جاتی ہیں۔ مشترکہ رابطہ نمبر، واٹس ایپ، سوشل میڈیا اکاؤنٹ، ای میل، ویب سائٹ پر شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔
ان پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے بورڈنگ پاس کے اجرا سے لے کر اہلکاروں کے رویے اور معذوروں کی خدمات کے حوالے سے شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔

شیئر: