Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جیت، پاکستانی ٹائم لائنز پر جشن جاری

سعودی عرب کی فتح پر پاکستانی ٹائم لائنز پر جشن کا سماں رہا (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا ورلڈ کپ کے گروپ سی کے میچ میں سعودی عرب کی ٹیم نے ارجنٹائن کو دو، ایک سے شکست دی تو عقابوں کی یہ فتح پاکستانی ٹائم لائنز کا اہم موضوع بن گئی۔
گرین فالکنز کی کامیابی کو کئی گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن پاکستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سعودی ٹیم اور کھلاڑیوں سمیت مملکت کے مکینوں کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے میچ کو ’تاریخی‘ کہا تو ارجنٹائن کے خلاف سعودی ٹیم کی کامیابی کو ’سب سے بڑا اپ سیٹ‘ قرار دیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’اس بڑی کامیابی پر ہم سعودی بہنوں اور بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہیں۔‘

سابق وزیراعظم عمران خان نے ارجنٹائن کے خلاف ’عظیم کامیابی‘ پر ’سعودی عرب کی ٹیم کو مبارکباد‘ دی۔

پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کر کے جبکہ حکومت پاکستان کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی وزیراعظم کی ٹویٹ کا ذکر کرتے ہوئے سعودی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دی گئی۔

سعودی عقابوں کی کامیابی کو ’لاجواب فتح‘ کہنے والے پاکستانی ٹویپس نے ٹیم کے مختلف کھلاڑیوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دومرتبہ کی ورلڈ کپ چیمپیئن ٹیم کو نصف گھنٹے سے زائد تک گول نہ کرنے دینا سعودی کھلاڑیوں کی مہارت کی نشاندہی کرتا ہے۔‘

’سعودی عرب‘ اور ’مبارکباد‘ کے الفاظ ٹرینڈز پینل کا حصہ بنے تو اس میں گفتگو کرنے والے پاکستانی ٹویپس کے جذبات سے واضح تھا کہ وہ سبز عقابوں کی جیت پر اپنی کامیابی جیسی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
سابق وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے سعودی عرب کی وزارت اطلاعات ہینڈل کو مینشن کرتے ہوئے ’کیا زبردست کامیابی ہے‘ کا تبصرہ کیا۔

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور تمام سعودی فینز کو مبارکباد دی۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے ٹیم کی کامیابی پر اظہار مسرت کیا تو اس جیت کی خوشی میں دی گئی چھٹی کو تفریح کا لطف دوبالا کرنے سے تعبیر کیا۔
مملکت میں مقیم پاکستانیوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ چھٹی کے دن کو ’مندی ڈے‘ بنا لیں تو اس خیال سے اتفاق کرنے والوں نے لکھا کہ ’وہ تو بنتا ہے ثابت سجی جو بنائی ہے سعودیہ نے میسی کی۔‘

 
قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے اہم میچ کا پہلا گول ارجنٹائن کی جانب سے لیونل میسی نے پہلے ہاف کے دسویں منٹ میں پینلٹی کک پر کیا۔ جواب میں سعودی عرب کے صالح الشھری نے گرین فالکنز کا پہلا گول کیا تو کھیل 48 ویں منٹ میں داخل ہوچکا تھا۔
دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ارجنٹائن کی ٹیم نے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوششیں کیں لیکن پانچ منٹ کے بعد سالم الدوسیری نے سعودی عرب کا دوسرا گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔
سعودی عرب کی ٹیم سنیچر 26 نومبر کو اپنا دوسرا میچ پولینڈ جب کہ جمعرات یکم دسمبر کو تیسرا میچ میکسیکو کے خلاف کھیلے گی۔

شیئر: