Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمان احمد کو آج ممبئی سے امارات منتقل کیا جائیگا

ممبئی ......دنیا کی وزنی ترین خاتون ایمان احمد کو آج ممبئی سے متحدہ عرب امارات منتقل کیا جائیگا۔ مصر سے جب ہند لایا گیا تھا تو اس وقت انکا وزن 500کلو گرام تھا۔ جو اب کم ہوکر 330کلو گرام رہ گیا ہے۔ انکی بہن شائمہ سیلم نے کہا کہ ابوظبی کے اسپتال نے کہا ہے کہ انکی بہن کا علاج ایک سال تک چلے گا جبکہ ڈاکٹر انکی بحالی اور وزن کی کمی کیلئے بھی کوشاں رہیں گے۔ 36سالہ ایمان احمد کو خاص طور پر تیار کردہ ایمبولینس کے ذریعے ممبئی ایئرپورٹ لیجایا جائیگا جہاں وہ اسپیشل ایئر بس 300سے ابوظبی روانہ ہونگی۔9ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی ٹیم انکے ہمراہ ہوگی۔ بی پی ایس ہیلتھ کیئر اسپتال کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم نے خصوصی طیارے کا انتظام کیا ہے کیونکہ عام طیاروں کے دروازے اتنے چوڑے نہیں ہوتے۔سیفی اسپتال کی ڈاکٹر اپرنا نے کہا کہ ایمان کی صحت پرواز کیلئے مناسب ہے اور انہیں کسی خاص تیاری کی ضرورت نہیں۔ انہیں صرف ٹیوب سے خوراک دینا پڑیگی کیونکہ فالج کی وجہ سے انکی گردن متاثر ہے۔ادھر ایئرپورٹ کے ایک کوآرڈینیٹر نے کہا ہے کہ طیارے کو بھی کلیئرنس لینا ہوگی۔ کچھ پیپر ورک کرنا ہے۔ایمان کے ڈاکٹر مفضل لاکھڑا والا نے کہا کہ وزن میں کمی بڑی کامیابی ہے۔ جب ہر چیز مکمل ہوجائیگی تو ہم اس معاملے کو طبی دستاویز کی شکل دیں گے تاکہ یہ موٹے لوگوں کیلئے ریفرنس کا کام دے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ علاج کے دوران بعض ایسے مواقع بھی آئے جب یہ بات یقینی نہیں تھی کہ آیا وہ واپس مصر بھی جاسکیں گی۔انکی دیکھ بھال کرنے والی نرس نے کہا کہ 3ماہ میں ، میں خود بھی ان سے عربی کے چند الفاظ سیکھ چکی ہوں۔ انکی بہن مجھے عربی پڑھاتی تھیں لیکن بیشتر اوقات ہم اشاروں سے کام لیتے تھے۔
 

شیئر: