Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز الٰہی اسمبلی توڑنے میں تاخیر کے خواہش مند ہیں: فواد چودھری

فواد چودھری کہتے ہیں کہ ’مسلم لیگ ق اور تحریک انصاف اتحادی ہیں اور رہیں گی‘ (فائل فوٹو: عمران خان فیس بُک)
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ’حکومت کے ساتھ ہمارے غیر رسمی رابطے ہو رہے ہیں۔‘
پیر کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم انتخابات کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں، نہیں چاہتے کہ کوئی ماورائے آئین اقدام ہو۔‘
’عمران خان آج مشاورت کے لیے لاہور کے ارکان اسمبلی کو بلایا ہے جبکہ منگل کے روز سینیئر رہنماؤں کو طلب کیا ہے۔‘
’اس اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفوں پر مشاورت کی جائے گی جبکہ آئندہ کے لیے سیاسی حکمت عملی پر بھی غور ہو گا۔‘
ایک سوال پر فواد چودھری نے بتایا کہ ’چودھری پرویز الٰہی اسمبلی توڑنے میں تاخیر کے خواہش مند ہیں۔‘
’ہم حکومت کی مدت بڑھانے کے اقدام کی حمایت کریں گے نہ ہی کوئی ماورائے آئین اقدام ہونے دیں گے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا کہ ’ہم فوج اور عدلیہ کے ساتھ تلخیاں بڑھانا نہیں کم کرنا چاہتے ہیں۔ بعض عناصر ان تلخیوں کو بڑھا رہے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے بات ہوئی ہے، مسلم لیگ ق اور پاکستان تحریک انصاف اتحادی ہیں اور رہیں گی۔‘
’اس وقت ملک کو معاشی بحران کا سامنا ہے، ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر صرف 7 ملین ڈالر رہ گئے ہیں۔‘
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ’عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تین ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں، لیکن وفاقی حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے رہی۔‘

شیئر: