Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی، پی ڈی ایم تیار ہے: رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سیاسی مقدمات ہوتے تو انہیں چار چار دن بعد ضمانتیں نہ ملتیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی، غیر مشروط مذاکرات کے لئے پی ڈی ایم کی لیڈر شپ تیار ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران اسمبلیوں کو توڑنے کی بات کر رہے ہیں تو توڑ دیں، ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔
’پارٹی نے محمد نواز شریف کو درخواست کی ہے کہ الیکشن مہم کی قیادت کریں، الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے، آئندہ انتخابات میں پنجاب میں اس بار اکثریت حاصل کر کے حکومت بنائیں گے۔‘
’نوازشریف نے پارٹی کی درخواست کو قبول کر لیا ہے، جیسے ہی ضرورت ہو گی محمد نوازشریف پارٹی کی قیادت کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے سیاست بچانے کے لیے ملک کو نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سیاسی مقدمات ہوتے تو انہیں چار چار دن بعد ضمانتیں نہ ملتیں بلکہ یہ ہماری طرح تین تین سال قید بھگتتے۔
ایک سوال پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں، ہم ملکی معیشت بچانے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
’ ی ٹی آئی والے ملک کے دیوالیہ ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فوج منظم ادارہ ہے وہاں کسی بندے کی پالیسی نہیں چلتی بلکہ پالیسی ادارے کی ہوتی ہے۔‘
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں، اگر کیس ختم ہو رہے ہیں تو ہمارے ساتھ انصاف ہو رہا ہے، توشہ خانہ کیس میں اس کی رسیدیں بھی جعلی ثابت ہوئی ہیں، مرشد حکم دے رہی تھیں کہ گھڑیاں بیچ دو، اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے۔

شیئر: