Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مراکش کی جیت: سفیان بوفال کا اپنی والدہ کے ساتھ گراؤنڈ میں رقص

قطر کے الثمامہ سٹیڈیم میں مراکش، پرتگال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقن اور عرب ٹیم بن گئی ہے۔
مراکش شمالی افریقہ کا مسلم اکثریتی ملک ہے اور اس کی جیت پر عرب دنیا میں بھی اس وقت جشن کا سماں دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس جشن کی جھلک سوشل میڈیا پر بھی نظر آ رہی ہے۔
کھیلوں پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی ساج صادق نے ایک تصویر ٹویٹ کی جس میں مراکش کے کھلاڑی زمین پر سجدہ ریز ہو کر جیت کا جشن منا رہے ہیں۔
جرمن فٹ بال میسوت اوزل نے مراکش کی جیت کو براعظم افریقہ اور مسلم دنیا کے لیے ایک ’کامیابی‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’اچھا لگا دیکھ کر کہ جدید فٹ بال میں ایک دیو مالائی کہانی ممکن ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین ٹوئٹر پر مراکش کے شہر کاسابلانکا میں جشن کی ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہے۔
مراکش کی جیت پر گراؤنڈ میں بیٹھے افراد بھی خوشی سے جھومتے رہے اور عرب دنیا سے محبت کا اظہار کرتے رہے۔
میچ جیتنے کے بعد اشرف حکیمی ایک بار پھر کراؤڈ میں بیٹھی اپنی والدہ کی طرف بھاگتے ہوئے نظر آئے اور جا کر ان کا پیار لیا۔
مراکش کی جیت کے بعد ان کے کھلاڑی سفیان بوفال اپنی والدہ کو گراؤنڈ میں لے آئے اور ان کے ساتھ والہانہ انداز میں ناچتے ہوئے جیت کا جشن منایا، جسے صارفین نے بہت پسند کیا۔
ٹام فرینکلن نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں سفیان بوفال کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’انہیں اپنی والدہ سے بھرپور محبت ہے۔‘
صارفین کی جانب سے جہاں مراکش کی جیت کا جشن منایا جاتا رہا وہیں لوگ پرتگال کے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی تصاویر بھی شیئر کرتے رہے جس میں ان کی آنکھوں میں آنسو دیکھے جا سکتے تھے۔
سابق انڈین کھلاڑی یوراج سنگھ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’رونالڈو کو دیکھ کر دل رو رہا ہے۔‘
سابق کرکٹر نے اسے ایک فٹ بال ورلڈ کپ کا ایک اور اپ سیٹ قرار دیتے ہوئے مراکش کو جیت کی مبارک باد بھی دی۔
آج رات ہی انگلینڈ اور فرانس کے درمیان کوارٹر فائنل کھیلا جائے گا اور دونوں میں سے جو ٹیم جیتے گی اس کا مقابلہ منگل کو مراکش سے سیمی فائنل میں ہو گا۔

شیئر: