Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: اسحاق ڈار

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکس وصولی ہمیشہ سے مسئلہ رہی ہے (فوٹو:اے ایف پی)
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بدھ کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت کی پالیسیوں سے ملکی معیشت متاثر ہوئی اور چار سال کے دوران اکنامک مینیجمنٹ بالکل ناکام رہی۔
انہوں نے ٹیکس وصولی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یہ وصولی ہمیشہ سے مسئلہ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کی بہتری میں برآمدات کا بڑا کردار ہوتا ہے اس لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں کہ برآمدات میں اضافہ ہو۔
 اسحاق ڈار نے پیر کو ملک کی معاشی صورت حال کے حوالے سے کہا تھا کہ اس کی بہتری کے لیے بڑے قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔
ان کے مطابق ’وزیراعظم نے اجازت دی ہے اور میں نے بھی متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ اگر بارڈر سِیل کرنا پڑے تو وہ بھی کریں تاکہ گندم اور فرٹیلائزر وغیرہ باہر نہ جا سکے۔ جو چیزیں یہاں سے سمگل ہو رہی ہیں ان پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔‘
انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’جو لوگ مہم کے طور پر کہہ رہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے جا رہا ہے، ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ ایسا نہیں ہو گا۔‘
انہوں نے ملک کی خراب صورت حال کا الزام پی ٹی آئی حکومت پر لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمران خان نے وعدے پورے نہیں کیے اور جاتے جاتے لینڈ مائنز بچھا گئے ہیں۔‘

شیئر: