Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعلقات میں بہتری، فرانس کا مراکش سے ویزہ پابندی اٹھانے کا اعلان

فرانسیسی وزیر خارجہ نے مراکشی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس میں ویزہ پابندی ہٹانے کا اعلان کیا (فوٹو: اے پی)
فرانس تقریباً ایک سال بعد مراکش کے باشندوں پر عائد ویزے کی پابندی ہٹانے جا رہا ہے جس کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹر نے فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرائن کولونا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے مراکشی ہم منصب ناصر بوریتا کے رباط میں ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ’ہم نے اپنے مراکشی شراکت داروں کے ساتھ قونصلر تعلق بحال کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے ہیں۔‘
دونوں ممالک کےدرمیان تعلقات کافی عرصے سے تناؤ کا شکار تھے تاہم قطر میں فیفا ورلڈ کپ میں مدمقابل آنے کے بعد تعلقات میں بہتری آئی ہے، اس میچ میں فرانس نے مراکش کو ہرایا تھا۔
بغیر کاغذات کے فرانس آنے والے تارکین وطن کو روکنے کے حوالے سے عوامی دباؤ پر فرانس کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ الجزائر، مراکش اور تیونس کے شہریوں کو دیے جانے والے ویزوں کی تعداد کم کر دے گا کیونکہ شمالی افریقہ کے کچھ ممالک نے غیرقانونی طور پر فرانس والے شہریوں کو واپس لینے سے انکار کر دیا تھا۔
فوری طور یہ بات واضح نہیں ہو سکی ہے کہ آیا فرانس اس کے بدلے میں مراکش سے کچھ لے گا یا نہیں۔
اس حوالے سے مراکش کے وزیر خارجہ ناصر بورتیا کا کہنا ہے کہ فرانس نے پابندی ختم کرنے کا فیصلہ یکطرفہ طور پر کیا ہے جبکہ پابندی لگانے کا فیصلہ بھی اس کی جانب سے یکطرفہ طور پر کیا گیا تھا۔
عام طور پر فرانس اور مراکش کے درمیان تعلقات الجیریا کی نسبت خوشگوار رہے ہیں، الجیریا فرانس کا پڑوسی ہے اور ماضی میں اس کی کالونی بھی رہ چکا ہے۔

14 دسمبر کو ہونے والی سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو ہرا دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

دونوں کے درمیان تعلقات میں 2021 میں تناؤ اس وقت پیدا ہوا جب میڈیا میں ایسی خبریں آئیں کہ مراکش میں صدر ایمانوئیل میکخواں کا فون نمبر اس فہرست میں ہے جن کی پیگاس سافٹ ویئر کی مدد سے نگرانی کی جا رہی تھی۔
دوسری جانب مراکش نے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے پاس پیگاسس سافٹ وئیر نہیں ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری فرانس اور مراکش کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ فرانس نے میچ جیت لیا تھا جس نے دونوں ممالک کی حکومتوں اور دوہری شہریت رکھنے والوں کو ایک دوسرے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شیئر: