فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل، میسی ارجنٹائن کی امیدوں کا محور
لیونل میسی کے پاس موقع ہے کہ وہ نئی تاریخ رقم کر دیں (فوٹو: روئٹرز)
ارجنٹائن کے فٹ بالر لیونل میسی کے آبائی شہر روزاریو کے لوگوں میں امید اور جوش بڑھتا جا رہا ہے کہ ان کے علاقے کا سٹار 1986 کے بعد ملک کو فٹ بال ورلڈ کپ جتوا سکتا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بیونس آئرس سے تقریباً 300 کلومیٹر (186 میل) شمال میں دریائے پرانا کے مغربی کنارے پر واقع شہر میں ہر طرف میسی کی تصاویر نظر آتی ہیں۔
قریبی قصبے سیروڈینو میں لیونل میسی کی نمبر 10 کی جرسی سڑکوں پر فضا میں لہرا رہی ہے۔
ارجنٹائن میں میورل پینٹنگ بنانے والے فنکاروں کے ایک گروپ نے مشہورِ زمانہ فٹبالر لیونل میسی کے آبائی علاقے روزاریو میں ان کا ایک میورل پینٹ کیا ہے۔
اس علاقے کے لوگ میسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں۔
لیونل میسی کے پاس موقع ہے کہ وہ کھیل کے میدان کو خیرباد کہنے سے پہلے نئی تاریخ رقم کر دیں۔
لیونل میسی نے 2005 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور اس کے بعد سے وہ ارجنٹائن کے لیے 164 مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں اور 90 گول کے ساتھ ملک کے سب سے زیادہ ریکارڈ سکورر ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا تھا کہ قطر میں 2022 کا فٹ بال ورلڈ کپ یقینی طور پر ان کے کیریئر کا آخری مقابلہ ہوگا۔
ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی نے اپنے کیریئر میں ساتویں بار ’بیلن ڈی اور‘ (فٹبالر آف دا ایئر) کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
سنہ 2021 میں 34 سالہ سٹار نے مجموعی طور پر 40 گول کیے۔ ان میں سے 28 گول انہوں نے ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے کیے، چار گول پیرس سینٹ جرمن اور آٹھ گول اپنی قومی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے کیے۔
انہوں نے اپنی ٹیم کو ’کوپا امریکہ‘ ٹورنامنٹ جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا اور یہ ان کے کیریئر کا پہلا بین الاقوامی اعزاز تھا۔