Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیسوں کے لیے آئی پی ایل کھیلنے کا فیصلہ نہیں کرنا چاہتا: انگلش فاسٹ بولر

کرس ووکس اس سے قبل تین بار آئی پی ایل کھیل چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انگلینڈ کے فاسٹ بولر کرس ووکس کا کہنا ہے کہ وہ اگلے سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نہیں کھیلیں گے۔
’کرک انفو‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر کرس ووکس کا کہنا تھا کہ ’آئی پی ایل نہ کھیلنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا اور میرے اندر ایک حصہ اب بھی یہ خواہش رکھتا ہے کہ میں انڈیا جا سکوں کیونکہ آئی پی ایل ایک بہترین ٹورنامنٹ ہے اور مالی طور پر بھی فائدے مند ہے۔‘
انہوں نے اس سال آئی پی ایل نہ کھیلنے کے فیصلے پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’میں صرف مالی بنیاد پر آئی پی ایل کھیلنے کا فیصلہ نہیں کرنا چاہتا۔‘
کرکس ووکس کے مطابق وہ انگلینڈ کے لیے مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور ان کا مقصد آسٹریلیا کے خلاف ایشیز سیریز کھیلنا ہے۔
انگلش فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ’میں لوگوں کو بتانا اور یاد دلانا چاہتا ہوں کہ میں ریڈ بال (ٹیسٹ) کرکٹ کھیل سکتا ہوں اور فٹنس پر توجہ دے کر ایشیز سکواڈ کا حصہ بن سکتا ہوں۔‘
خیال رہے ماضی میں کرس ووکس آئی پی ایل میں تین مختلف ٹیموں کا حصہ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2017 میں کلکتہ نائٹ رائڈرز، 2018 میں رائل چیلنجرز بنگلور اور 2021 میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کی تھی۔

شیئر: