Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی پاکستانی شہریوں کو ویزہ دینے پر پابندی کی تردید

اماراتی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق امارات کی حکومت کی جانب سے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے پاکستان کے متعدد شہروں میں پیدا ہونے والے شہریوں کے لیے اماراتی ویزہ کی پابندی کی اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اطلاعات جعلی ہیں۔
گزشتہ کئی روز سے پاکستان میں سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر کچھ خبریں گردش کر رہی ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں پیدا ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے سیاحتی ویزے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ ان شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری امارات میں متعدد مرتبہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اس وجہ سے امارات کی حکومت نے ان شہروں سے کسی بھی پاکستانی کو وزٹ ویزے جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اردو نیوز کے استفسار پر اماراتی سفارت خانے کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ امارات کی حکومت کی جانب سے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔
پاکستان کے شہری بلاتفریق متحدہ عرب امارات کے وزٹ یا دیگر کسی بھی ویزہ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور انہیں ویزے دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ کراچی قونصلیٹ سے بھی ان شہروں کی پیدائش رکھنے والے یا رہائشیوں کو ویزے دیے جا رہے ہیں۔
سفارت خانے نے ان معلومات پر  افسوس ظاہر کرتے ہوئے ان کے مقاصد سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور ان اطلاعات کی سختی سے تردید اور مذمت کی ہے۔

شیئر: