Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں رونالڈو کی جرسی کے لیے قطاریں لگ گئیں

معاہدے کے ساتھ ہی شائقین رونالڈو کے النصر کلب سے ڈیبیو کے دن گن رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی معروف فٹبال کلب النصر ایف سی کی جانب سے پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو سے دستخط ہونے کے اعلان کے بعد RONALDO اور7 نمبر کی نئی شرٹ خریدنے کے لیےسپورٹس وئیر سٹورز پر مداحوں کی قطاریں لگ گئیں۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کے دارالحکومت ریاض میں النصر کلب کے قریب میگا سٹور سے چند قدموں کے فاصلے پر رہائش پذیر ایک وکیل اور صحافی معاذ الجندل بھی شرٹ خریدنے والوں میں شامل تھے۔

جرسی خریدنے کی فوٹو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہی وائرل ہوگئی۔ فوٹو ٹوئٹر

النصر کے مداح نے بتایا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کی کلب میں شمولیت کے چند گھنٹے میں ہی ٹیم کی 7 نمبر والی شرٹ کی فروحت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔
الجندل نے بتایا کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ النصر سٹور کے قریب ہی رہتا ہوں کیونکہ معتبر بین الاقوامی اور سعودی اخبارات نے جس لمحے اس خبر کا اعلان کیا میں یہاں پہنچ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ریاض شہر میں بارش ہو رہی تھی اور خراب موسم کے باعث ٹریفک کی روانی سست تھی اور معاہدے کا ابھی سرکاری طور پر اعلان بھی نہیں کیا گیا تھا لیکن رونالڈو کو پسند کرنے والے نوجوان اور بچوں کی بڑی تعداد 7 نمبر کی جرسی خریدنے کی امید میں قطاروں میں کھڑی تھی۔
معاذ نے بتایا کہ یہاں پر سٹور کا سٹاف رونالڈو کے مداحوں کو جرسی کی دستیابی کی بابت آگاہ کررہا ہے اور جرسی کی وصولی کے لیے بکنگ بھی ہو رہی ہے۔

النصرکلب کا مقابلہ حائل شہر کی فٹبال کلب الطائی کے ساتھ ہوگا۔ فوٹو ٹوئٹر

معاذالجندل نے سٹور سے جرسی خریدنے کی اپنی فوٹو فوری طور پر آن لائن پوسٹ کردی جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی جب میری تصاویر بین الاقوامی میڈیا ہاؤسز کی جانب سے دنیا بھر میں دکھائی گئیں۔
گزشتہ روز بھی صبح  ہی صبح رونالڈو کے مداح اور النصر کلب کے شائقین کلب کی7 نمبر کی شرٹ خریدنے کے لیے کلب کے سپورٹس وئیرسٹور پر قطاریں لگا رہے ہیں۔
معاذ الجندل نے شرٹ کی خریداری کے وقت کی اپنی تصاویر شیئر کی جب وہ ریاض میں النصر کلب کے ایک سٹور میں موجود ہیں انہوں نے بتایا کہ اس وقت جرسی کی قیمت 300 ریال ہے۔

رونالڈو کے نام اور نمبر والی جرسی پہلےدن 300 ریال میں دستیب تھی۔ فوٹو ٹوئٹر

توقع کی جاتی ہے کہ رونالڈو کے خاص نمبر کی شرٹ خریدنے کے لیے آئندہ  چند دنوں کے دوران مملکت بھر میں کلب کے سٹورز پر اس سے بھی زیادہ  لوگوں کی تعداد نظر  آئے گی۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کے اس نئے معاہدے کے ساتھ ہی شائقین اب رونالڈو کے النصر کلب سے ڈیبیو کے دن گن رہے ہیں جو ایک ہفتے بعد آسکتا ہے جب النصرکلب کا مقابلہ حائل شہر کی فٹبال کلب الطائی کے ساتھ ہوگا۔
واضح رہے کہ النصر کلب کے صدر کے ساتھ 7 نمبر کی جرسی تھامے رونالڈو کی تصویر کے بعد سے اب تک سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر النصر کلب کے فالوورز کی تعداد بڑھ کر ساڑھے پانچ ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔
 

شیئر: